وفاقی وزیر تجارت نے بلوچستان کے سرحدی اضلاع کے لیے روزگار کے منصوبے کا جائزہ لیا

درست اقدامات سے دور دراز علاقوں میں روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے، جام کمال

منگل 13 مئی 2025 19:35

وفاقی وزیر تجارت نے بلوچستان کے سرحدی اضلاع کے لیے روزگار کے منصوبے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)وفاقی وزیر تجارت نے بلوچستان کے سرحدی اضلاع کے لیے روزگار کے منصوبے کا جائزہ لیا جبکہ چیف ڈویلپمنٹ آفیسر آسیہ پروین نے وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان کو بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک جامع منصوبے پر بریفنگ دی،یہ اقدام وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کا مقصد صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے منصوبے کی تعریف کی اور کہا کہ درست اقدامات سے ان دور دراز علاقوں میں روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عملی اور مقامی کمیونٹی پر مبنی طریقہ کار اپنانا ہوگا۔جام کمال خان نے تجویز دی کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں عوامی سہولیات کے مراکز قائم کرنے کی پابند ہوں۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کو متحرک کرنے کیلئے، اصولی طور پر کم لاگت تفریحی سہولیات میں، انہوں نے کھیلوں اور تفریح کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے دیہی علاقوں میں گھریلو آمدنی اور معاشی حالات بہتر بنانے کے لیے چھوٹے پیمانے پر مداخلتوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔معدنیات کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مقامی مزدوروں کو چھوٹے پیمانے پر مشینری کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام کان کنی بھاری مشینری کی متقاضی نہیں ہوتی، اور چھوٹے پیمانے کے کان کنوں کو سہولت دینا روزگار کے بڑے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔انہوں نے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کے لیے فنی تعلیم کے کردار کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں تربیتی پروگرامز میں وسعت کی ہدایت دی۔ وفاقی وزیر نے لائیو اسٹاک، ماہی گیری اور کھجوروں کی برآمدات میں امکانات کا ذکر کرتے ہوئے متعلقہ انفراسٹرکچر جیسے گودام، سلاٹر ہاسز اور کولڈ اسٹوریج کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے تجویز دی کہ یہ سہولیات نجی شعبے یا مقامی ایسوسی ایشنز کے ذریعے چلائی جا سکتی ہیں تاکہ معاشی سرگرمی کو فروغ دیا جا سکے۔صنعتی ترقی کے حوالے سے انہوں نے ماربل سٹیز کو فروغ دینے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو نرم قرضوں کے ذریعے سہولت دینے پر زور دیا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے، انہوں نے ضلعی سطح پر کمپلیکس قائم کرنے کی تجویز دی، جن میں خواتین چیمبرز، جم، آڈیٹوریمز اور تربیتی مراکز ایک ہی چھت تلے موجود ہوں۔

وفاقی وزیر نے چیف ڈویلپمنٹ آفیسر آسیہ پروین کو ہدایت دی کہ تمام مجوزہ منصوبوں کو ترجیحات کی بنیاد پر درجہ بندی کر کے آئندہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل کرنے کے لیے تیار کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ آئندہ چند دنوں میں ایک مفصل اور جامع تجویز تیار کر کے وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کی جائے۔تمام مجوزہ اقدامات حکومت بلوچستان، وزارت تجارت اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشاورت سے ترتیب دیے گئے۔