آرمی پبلک اسکول ٹائیں میں مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب

منگل 13 مئی 2025 15:09

ٹائیں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)آرمی پبلک اسکول ٹائیں میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سکول کے طلبا و طالبات، اساتذہ اور عملے نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پاک فوج کے بہادر جوانوں کی ہال میں آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور تمام شرکا نے کھڑے ہو کر جوانوں کو پرجوش سلامی دی، جس سے ہال حب الوطنی کے جذبات سے گونج اٹھا۔

پرنسپل محمد بلال جدون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:"پاکستان کی مسلح افواج نے جس جرات، بہادری اور عزم کے ساتھ ملک کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، وہ نہ صرف ہماری سلامتی کی ضامن ہیں بلکہ قومی وقار اور آزادی کی حقیقی علامت بھی ہیں۔

(جاری ہے)

قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب وہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کے خلافمضبوط دیوار بن کر کھڑی رہتی ہیں۔

"تقریب میں طلبا نے ملی نغمے پیش کیے، تقاریر کیں اور پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں تمام شرکا نے جوش و خروش سے قومی ترانہ پڑھا، جس سے تقریب کا اختتام ہوا۔یہ تقریب نہ صرف حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا اظہار تھی بلکہ طلبا کے دلوں میں اپنے وطن اور افواج پاکستان کے لیے محبت اور عزم کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ بھی بنی۔