بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے منسلک پروفیسرز کی بطور وائس چانسلر تعیناتی پر تقریب کا انعقاد

منگل 13 مئی 2025 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے) کے اکیڈمیشین پینل نے حال ہی میں تعینات ہونے والے دو وائس چانسلرز کے اعزاز میں عصرانہ کا اہتمام کیا۔ ان میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال اور وائس چانسلر شہدائے اے پی ایس یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوشہرہ پروفیسر ڈاکٹر سعید بادشاہ شامل تھے۔

گزشتہ روز اسلامی یونیورسٹی کے ٹیچرز کلب میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یونیورسٹی سے منسلک اساتذہ کو وائس چانسلر تعیناتی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ ا س موقع پر اے ایس اے کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لیے پینل ممبران کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

دی اکیڈیمیشینز پینل کے سینئر رہنما ڈاکٹر نصیر احسن نے اے ایس اے کے آئندہ انتخابات کے لیے اپنے پینل کے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کیا جس کے مطابق ڈاکٹر عبدالوہاب جان (صدر)،ڈاکٹر سخی جان (جنرل سیکرٹری)،ڈاکٹر حافظ محمد نصیر احسن (نائب صدرمیل) اورڈاکٹر زارا سبین (نائب صدر فی میل)اے ایس اے کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

صدارتی امیدوار ڈاکٹر عبدالوہاب جان نے اپنے خطاب میں تدریسی برادری کو درپیش دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔