Live Updates

نادرا کا اہم اقدام ، ملک بھر میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام کی فراہمی کا آغاز کر دیا

تمام ہسپتالوں اور مراکزصحت میں فراہم کئے جانے والے ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے اہم واقعات کی معلومات براہِ راست حاصل کی جائیں گی جس سے شہریوں کے ڈیٹابیس میں بروقت، درست اور مکمل اندراج ممکن ہوسکے گا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 12:16

نادرا کا اہم اقدام ، ملک بھر میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025)نادرا نے اہم اقدام کے طور پر ملک بھر کے ہسپتالوں اورمراکز صحت میں ڈیجیٹل نظام کی فراہمی کا آغاز کر دیا، حکومت کے اڑان پاکستان پروگرام کے تحت الیکٹرانک اور ڈیجیٹل ویژن کو فروغ دیتے ہوئے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کے تحت، سول رجسٹریشن اور زندگی کے اہم واقعات (سی آر وی ایس) کے اندراج کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔

اسی ڈیٹا کی بنیاد پر ڈیجیٹل آئی ڈی اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق انقلابی منصوبوں کو عملی شکل دی جائے گی۔اس نظام سے حاصل ہونے والی معلومات نہ صرف شہری ڈیٹابیس کو مضبوط بنائیں گی بلکہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ٹیکنالوجی کی مدد سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں اور مراکزصحت میں فراہم کئے جانے والے ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے پیدائش اور وفات جیسے اہم واقعات کی معلومات براہِ راست حاصل کی جائیں گی جس سے شہریوں کے ڈیٹابیس میں بروقت، درست اور مکمل اندراج ممکن ہوسکے گا۔

اس کے علاوہ سول رجسٹریشن کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں اور نادرا کے مابین اشتراک کے معاہدوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان معاہدوں کے تحت آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے ہسپتالوں اور مراکزصحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کیلئے ڈیجیٹل نظام فراہم کیا جائے گا۔ورلڈ بینک کی حمایت اور مختلف قومی اداروں کے اشتراک سے نادرا، ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (ڈی ای ای پی) کے نفاذ پر بھی کام کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نادرا نے ملک بھر میں پوسٹ آفسز میں شناختی کارڈ سروس بند کرنے کا اعلان کیاتھا۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے پاکستان بھر کے جنرل پوسٹ آفسز (جی پی اوز)میں شناختی کارڈ سے متعلق خدمات ، باضابطہ طور پر بند کردیں تھیں۔یہ فیصلہ سروس کے کم استعمال اور عوامی آگاہی نہ ہونے کے باعث کیا گیا تھا۔ نادرا نے 3 سال قبل عوام تک کلیدی خدمات کی رسائی آسان بنانے کیلئے یہ قدم اٹھایا تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات