فیصل آباد، 7 اور 9 مئی کو ملتوی ہونیوالے پرچوں اور پریکٹیکلز کی نئی تواریخ کا اعلان

جمعرات 15 مئی 2025 14:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے 7 اور 9 مئی کو ملکی صورتحال کے باعث ملتوی ہونیوالے پرچوں اور پریکٹیکلز کی نئی تواریخ کا اعلان کردیاہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرمحمد جعفر علی نے اے پی پی کو بتایا کہ 7 مئی کو ملتوی ہونیوالے سیکنڈری سکول فرسٹ اینول امتحانات 2025 کے میٹرک کلاس دہم کیمسٹری کے پریکٹیکل 26 مئی کو اور 9 مئی کو ملتوی ہونیوالے میٹرک کے کیمسٹری کے پریکٹیکل27 مئی کو ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہائر سیکنڈری سکول فرسٹ اینول امتحانات 2025 انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کا 9 مئی کو ملتوی ہونیوالا ترجمۃ القرآن مجید لازمی گروپ فرسٹ مارننگ سیشن اور ترجمۃ القرآن مجید لازمی گروپ سیکنڈ ایوننگ سیشن،اخلاقیات سوکس(برائے نان مسلم) کا پیپر 31 مئی بروز ہفتہ کو جبکہ 7 مئی کو ملتوی ہونیوالا اسلامک سٹڈیز اختیاری گروپ فرسٹ (ہیومینیٹیز گروپ)،پرنسپلز آف اکاؤنٹنگ (کامرس گروپ) کا تھیوری پیپر مارننگ سیشن اور اسلامیات اختیاری گروپ سیکنڈ (ہیومینیٹیز گروپ) کا پیپر 16 جون بروز پیر کو منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ریگولر امیدواران اپنی ریوائزڈرولنمبرسلپس اپنے اپنے تعلیمی ادارے جبکہ پرائیویٹ امیدوار بورڈ ہذا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں تاہم مذکورہ شیڈول کے مطابق پرانی رولنمبر سلپس کو بھی تسلیم کرلیا جائے۔ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہا کہ طلباوطالبات اپنی مقررہ تاریخ اور مضمون کواچھی طرح یاد رکھیں کیونکہ کسی امیدوارکا پیپرمس ہونے کی صورت میں بورڈ ہذا ذمہ دار نہ ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ صرف ملتوی ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے پیپرز اور میٹرک کے پریکٹیکلز کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ ڈیٹ شیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :