ایوان بالا کے اجلاس میں قدرتی گیس سے چلنے والے گرڈ سے غیر منسلک کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی کے نفاذ کے لیے نیا بل پیش

جمعرات 15 مئی 2025 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) ایوان بالا کے اجلاس میں قدرتی گیس سے چلنے والے گرڈ سے غیر منسلک کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی کے نفاذ کے لیے ایک نیا بل پیش کیا گیا۔ بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ فیصلہ وسیع مشاورت، سوچ بچار اور تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ان نجی بجلی گھروں پر صنعت نے جتنا سرمایہ خرچ کیا، اس سے کہیں زیادہ فوائد حاصل کیے۔

ہمیں ملک کے غریب صارفین کے حقوق کا بھی تحفظ کرنا ہے اور یہ بل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وفاقی وزیر قانون نے ایوان کو آگاہ کیا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ مجموعی طور پر بجلی کی قیمتوں میں 34 فیصد کمی کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اس کمی کا براہ راست فائدہ غریب اور کم آمدنی والے صارفین کو ہونا چاہیے۔

ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بڑے صنعتی یونٹس گرڈ سے جُڑے بغیر قدرتی گیس پر بجلی پیدا کر رہے ہیں، ان پر مناسب لیوی عائد کی جائے تاکہ ملک میں توانائی کے شعبے میں مساوات قائم کی جا سکے۔وزیر قانون نے بتایا کہ یہ معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں تفصیل سے زیر بحث آ چکا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر قائد حزب اختلاف کو اس بل پر اعتراض تھا تو انہیں کمیٹی اجلاس میں یہ معاملہ اٹھانا چاہیے تھا۔