�اہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ الحمد اللہ ہماری بہادر افواج نے ،ہمارے سپہ سالار جنرل عام منیر نے جس بہادری اور دلیری سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں دنیا کی ملٹری اکیڈمیوں میں اس کی تربیت دی جائے گی ،وزیراعظم شہباز شریف ہمت اور حوصلے کے ساتھ قوم کے دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بعد ہماری بری فوج، بحریہ اور فضائیہ نے جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں حاصل کیں ،ہم نے دنیا کو بتایا کہ ہم پہلگام کی تحقیقات کے لئے تیار تھے مگر بد نیت دشمن تحقیقات سے بھاگ گیا ،نواز شریف نے جب ایٹمی دھماکے کئے وہ بھی تعداد میں چھ تھے جب دشمن کے جہاز جہاز گرائے گئے ہیں ان کی تعداد بھی چھ ہے ،اب بات کشمیر پر ہو گی ، شہباز شریف کی قیادت میں معاشی ترقی پر بات ہو گی ،اڑان پاکستان کی بات ہو گی،اب وقت ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کا جو ایک سال سے سفر چل رہا تھا اس کو آگے بڑھائیں اوراپنے عوام کو خوشحال بنائیں ، اڑان پاکستان کے تحت جہاں ہم نے عسکری محاذ پر دشمن کو مات دی وہیںمعاشی میدان میں بھی مات دیں گے۔
(جاری ہے)
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127میں معرکہ حق ، بنیان المرصوص آپریشن میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر عسکری ،سیاسی قیادت اورقومی ہیروز، کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اظہار تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس تپتی ہوئی دھوپ میں آپ جس بڑی تعداد میں تشریف لائے ہیں یہ آپ کا جذبہ حب الوطنی ہے ، یہ پاکستان کے لئے آپ کا جذبہ ہے ،وطن عزیز کے دفاع میں جو کردار افواج پاکستان نے ادا کیا اس جدوجہد کو اس عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آپ یہاں اکٹھے ہوئے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں بھارت کو جو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے اسے وہ تا قیامت یاد رکھے گا کہ اس نے کس دشمن کو للکارا تھا ۔ان حالات میں ساری قوم اکٹھی ہوئی ،سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں ،اپنے میڈیا ،اینکرز کا بھی تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے پاکستان کے بیانیے کی جنگ لڑی اور یہ سارے ایام وزیر اعظم شہباز شریف دن رات نگرانی کرتے رہے اور دفاع پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہے ۔
انہوں نے کہا کہ دور اندیشی ،بہادری اور دلیری کی ساری قوم گواہ ہے ،جنرل عاصم منیر کی قیادت میں جب فتح میزائل یہاں سے فائر کیا گیا تو بھارت میں کھلبلی مچ گئی ،جب رات کی تاریکی میں بھارت نے حملہ کیا تو پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر مارشل ظہیر بابر کے شاہینوں نے الحمد اللہ ان کے چھ جہاز مار گرائے ، یہ اللہ تعالیٰ کا کرم تھا کہ پاک افواج نے ہمارے پائلٹس نے بھرپور طریقے سے دشمن کے حملے کو پسپا کیا ،یہ اللہ تعالیٰ کا کرم تھا کہ بری فوج نے دشمن کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اڑائے جس کے بعد دشمن سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا ۔
دشمن یہ نہیں جانتا تھاکہ اس کا کس فوج سے پالا پڑا ہے ،کس فضائیہ ،کس بحریہ سے پالا پڑا ہے ،وہاں پر کھلبلی مچی ہوئی تھی اورہمارے وزیر اعظم شہباز شریف ہمت کے ساتھ حوصلے کے ساتھ اس قوم کے دفاع کے لئے کردار اد اکرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل تھا کہ ہماری سول اور عسکری قیادت نے اپنی مائوں ، بہنوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا مان رکھا ،ملک کے دفاع کے لئے جن شہداء نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ان کو اور ان کے گھر والوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ،جو جان سے چلے گئے لیکن وطن عزیز پر آنچ نہیں آنے دی ۔
میں سمجھتا ہوں یہ خوش قسمت قوم ہے جس کی مائیں اپنے بچوں کو جذبہ شہادت کے ساتھ پروان چڑھاتی ہیں،جس قوم کو موت کاڈر نہ ہو جو سر پر کفن پر باندھ کر نکلتی ہوں اور ماں دعائیں کرتی ہوں کہ ہمارا بچہ شہید ہو کر گھر آئے اس افواج پاکستان کو اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جو یہاں سے رد عمل گیا ،وزیر اعظم کی قیادت میں قومی سلامتی کمیٹی نے جو فیصلے کئے ،افواج پاکستان کے سپہ سالار نے جو فیصلے کئے اور ان کو عملی جامہ پہنایا ،بری ،فضائی اوربحری فوج نے جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف جو یہ بات کرتے کہ ہم نے دشمن سے 1971کا بدلہ لے لیا تو وہ بالکل ٹھیک کہتے ہیں ،الحمد اللہ ہماری بہادر افواج نے ہمارے سپہ سالار جنرل عام منیر نے جس بہادری اور دلیری سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں دنیا کی ملٹری اکیڈمیوں میں اس کی تربیت دی جائے گی کہ پاک فوج نے عددی برتری کے زعم میں مبتلا دشمن کو شکست دی۔۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ،تمام اداروں نے ،افواج پاکستان نے مل کر سفارتی محاذ سنبھالا ،وزیر اعظم شہباز شریف نے دن رات سفارتکاری کی ،ملاقاتیں کیں اور پاکستان کا مقدمہ لڑا ،وزیر خارجہ نے دنیا کو سربراہان کو بتایا کہ ہم پہلگام کی تحقیقات کے لئے تیار تھے مگر بد نیت دشمن تحقیقات سے بھاگ گیا ،آج سفارتی محاذ پر کامیابیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے ، جو تاریخی سپورٹ جنرل عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر دی آج اس کو بھی سلام پیش کرنے کا دن ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جس طریقے سے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ لڑا وہ بھی لائق تحسین ہے ،نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ، صحافیوں نے ٹی وی چینلز پر جس طرح مقدمہ لڑا اس کی بھی تاریخ لکھی جائے گی ۔
ملک سے باہر بیٹھے پاکستانیوں نے بھرپور طریقے سے پاکستان کا بیانیہ پیش کیا میں آپ کو بھی سلام پیش کرتا ہوں ،ایک طرف ہماری افواج جنگ لڑ رہی تھیں اور دوسری طرف سارا ملک سوشل میڈیا بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈا کا جواب دے رہا تھا، اس میں نوجوانوں کی توانا آواز سب سے آگے تھی ۔وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اللہ کے فضل و کرم سے بھارتی پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا اور ہمیں اس میں بھی برتری ملی ۔
جب ہم اس برتری پر فتح کا جشن منا رہے تھے ،سڑکوں پر جشن تھا اس وقت بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی ،بھارت کے عوام اپنی حکومت اور فوج سے سوال کر رہے تھے کہ جھوٹا پراپیگنڈا کیوں پھیلا یاگیا ۔ بھارت کی فوج کی ترجمان نے دوپہر بارہ بجے ٹی وی پر آکر بتایا کہ پاکستان کی طرف سے ہمارے چھبیس عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ،جنگ کو ٹھنڈا کریںجس سے یہ بات واضح ہو گئی کہ پاکستان جنگ جیت چکا تھا۔
دنیا نے دیکھاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم نے ان کے چھ جہاز گرائے تو وہ ملبہ اٹھاتے رہ گئے ان کے پاس دینے کو کوئی جواب نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جب ایٹمی دھماکے کئے وہ بھی تعداد میں چھ تھے جب دشمن کے جہاز جہاز گرائے گئے ہیں ان کی تعداد بھی چھ ہے ،یہ اللہ تعالیٰ کے آگے سر بسجود ہونے کا موقع ہے ، سر جھکا کر شکر ادا کرنے کا موقع ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی والدہ کا بھی شکرگزار ہوں جن کی دعائیں شامل حال رہیں، انہوں نے حلقے میں ہر ماں ، ہر نوجوان کا حوصلہ بڑھایا دعائیں کیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں ،امن کے داعی ہیں ، امن کے خواہشمند ہیں لیکن دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا جس کا بھرپور جواب دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب بات کشمیر پر ہو گی ، شہباز شریف کی قیادت میں معاشی ترقی پر بات ہو گی ،اڑان پاکستان کی بات ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ،سعودی عرب ،متحدہ عرب ،قطر ،ترکیہ ،آذر بائیجان ، ایران نے ساتھ دیا ، ہم ان کا بھی شکر یہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کا جو ایک سال سے سفر چل رہا تھا اس کو آگے بڑھائیں اوراپنے عوام کو خوشحال بنائیں ، اڑان پاکستان کے تحت جہاں ہم نے عسکری محاذ پر دشمن کو مات دی وہیںمعاشی میدان میں بھی مات دیں ۔