سندھ میں بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کو بہتر بنانے کے لیے سہ فریقی معاہدہ

تمام سرکاری صحت مراکز میں سِول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (CRMS) نصب کیا جائے گا

جمعرات 15 مئی 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)سندھ میں بچوں کی پیدائش کی ڈجیٹل رجسٹریشن کو فروغ دینے کے لیے محکمہ بلدیات، محکمہ صحت، اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان سہ فریقی معاہدہ طے پا گیا۔اس معاہدے کے تحت صوبے بھر کے تمام سرکاری صحت مراکز میں سِول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (CRMS) نصب کیا جائے گا، جس سے نوزائیدہ بچوں کی پیدائش کی بروقت اور درست اطلاع براہِ راست صحت مراکز سے نادرا کے نظام میں منتقل ہو سکے گی۔

اس اقدام سے نومولود بچوں کی رجسٹریشن میں تاخیر کا خاتمہ ہوگا اور کوریج میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔معاہدے پر سیکرٹری بلدیات سندھ ڈاکٹر وسیم شمشاد علی، سیکرٹری صحت ریحان اقبال بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ ریجن احتشام شاہد نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو بھی موجود تھے۔وزرا نے اس شراکت داری کو محکمہ جاتی تعاون اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مثر استعمال کی ایک اہم مثال قرار دیا۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ یہ معاہدہ یقینی بنائے گا کہ ہر بچہ پیدائش کے وقت ہی قانونی شناخت حاصل کرے، تاکہ بعد ازاں صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ جیسی بنیادی سہولیات تک مثر رسائی ممکن ہو سکے۔وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ اس اقدام سے پالیسی سازی کے لیے درست ڈیٹا کی فراہمی ممکن ہوگی۔ حکومتِ سندھ ادارہ جاتی ہم آہنگی، ڈیجیٹل اصلاحات اور شفاف و جامع طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔