جے ایس آئی کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ علی کی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

جمعرات 15 مئی 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ عوامی صحت و تعلیم کی تنظیم جے ایس آئی کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ علی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اہم ملاقات کی۔ تنظیم کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر ندیم حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں صحت و تعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے، ان کی رسائی بہتر بنانے اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر اشتراکِ عمل کے امکانات پر گفتگو کی گئی ۔

ڈاکٹر نبیلہ علی نے جے ایس آئی کے مشن سے گورنر کو آگاہ کیا کہ ان کی تنظیم کا مقصد ایسے مربوط نظام تشکیل دینا ہے جن کے ذریعے ہر فرد کو صحت مند اور باوقار زندگی گزارنے کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جے ایس آئی سرکاری اداروں، نجی شعبے اور مقامی سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر ایسے تخلیقی اور حسبِ موقع حل تجویز کرتی ہے جو پائیدار بہتری کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی تنظیم کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ماں اور بچے کی صحت سے متعلق کئے گئے کام کے حوالہ سے بھی بریفنگ دی ۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے جے ایس آئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت و تعلیم کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے ،خیبرپختونخوا اور بالخصوص جنوبی و شمالی علاقہ جات کے عوام اس حوالہ سے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے اس شعبے میں ٹھوس پیشرفت ممکن ہے۔ملاقات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مختلف اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹس کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی ۔ جے ایس آئی کی ٹیم نے عوامی مسائل کے حل میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ذاتی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔