لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینڈیکیٹ اجلاس کی کارروائی روک دی

جمعہ 16 مئی 2025 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے بغیر نوٹس طلب کئے جانیوالے سینڈیکیٹ اجلاس کی کارروائی روکتے ہوئے وائس چانسلر سے 20مئی کو جواب طلب کر لیا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سرور خان کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے سنیئر وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل یونیورسٹی سینڈیکیٹ کے رکن ہیں مگر انہیں اجلاس سے دور رکھنے کے لیے وائس چانسلر کی ہدایت پر جبری رخصت پر بھجوا دیا گیا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق وائس چانسلر کو کسی سینڈیکیٹ ممبر کو اجلاس سے باہر رکھنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 17 مئی کو ہونے والے سینڈیکیٹ اجلاس کی کارروائی کو روکا جائے اور پرو وائس چانسلر کی جبری رخصت کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے اجلاس کی کارروائی روک دی اور وائس چانسلر سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔