کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے روح رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یوم تشکر کے موقع پر پوری قوم اور افواج پاکستان کے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری افواج کی قربانیوں حوصلے اور پیشہ وارانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
معرکہ حق میں دشمن کی بزدلانہ جارحیت کو ناکام بنا کر اسکی مصنوعی برتری کا طلسم توڑ دیا۔ ہماری خود مختاری، قومی وقار، اور آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ دریں اثنا مرکزی کمیٹی اور ٹان کمیٹیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے یوم تشکر پر 16مئی کی رات گئے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہما ری مسلح افواج دنیا کی وہ طاقت ہیں۔
(جاری ہے)
جو صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ دلوں کے جزبے سے لڑتی ہیں۔یہ فوج کسی الائنس، کسی سپر پاور کی محتاج نہیں۔ یہ فوج صرف اللہ پر بھروسہ کرتی ہیں اور اپنی قوم کی دعاں پر یقین رکھتی ہیں۔۔ اپنے اہم خطاب میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا یہ منظر یہ لمحہ صرف تقریر کا موقع نہیں یہ وقت اپنے جزبات کو زبان دینے اور دنیاکو یہ بتانا مقصود ہے کہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بھارتی جارحیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹرعشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن نے سوچا کہ ہم اندر سے کمزور ہوچکے ہیں سیاسی اختلافات، معاشی مشکلات اور سوشل میڈیا پر چلنے والے پروپیگنڈوں سے ہمارے درمیان دراڑ ڈال دیں گے وہ یہ بھول گئے کہ یہ وہ سرزمین ہے جہاں پر ہر پاکستانی اپنی جاں نچھاور کرنے تیار ہے وہ اپنے پرچم کو جھکنے نہیں دیتا۔
انہوں نے باور کیا کہ کئی ماہ سے ہم کہ رہے تھے کہ ہمارے علاقائی حالات ایک نازک موڑ پر ہیں۔دشمن کے ارادے جو پہلے پوشیدہ تھے اب کھلے عام ہیں۔ یہ وہ وقت ہے کہ جب ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے۔جب وقت آیا تو ہم نے ثابت کیا نہ ہم کمزور ہیں، نہ ہم میں بے اتفاقی ہے نہ ہم اپنے دشمن کو موقع دینے والے ہیں۔ ہماری افواج پاکستان نے دشمن کے ارادوں کو توڑ کر رکھ دیا۔
جب ہر پاکستانی نے کہا کہ میری پہچان پاکستاندنیا حیران رہ گئی کیا یہ وہی قوم ہے جسے ہم بکھرا ہوا سمجھ رہے تھے۔ہماری افواج نے د ہر مورچے پر، ہر جنگ میں، ثابت کیا کہ اگر جزبہ زندہ ہو تو تو کسی بھی ٹیکنا لوجی کا کوئی فائدہ نہیں، ڈاکٹر عشرت العباد نے یا دلایا کہ 2019میں جب انڈیا نے پاکستان کی فضاں میں گھسنے کی کوشش کی تو ہماری فوج نے نہ صرف ایک جہاز گرایا بلکہ پوری دنیا کو پیغام دیا یہ پاکستان ہے یہ کوئی معمولی ملک نہیں۔
مودی نے اسوقت کہا اگر رافیل ہوتے تو ہم جیت جاتے آج انکے پاس رافیل ہیں تو کیا ہوا کچھ بھی نہیں۔جنگ ہتھیاروں سے نہیں ارداوں اور جزبہ ایمانی سے جیتی جاتی ہے۔ ہماری فوج کی صلاحیت، انکا ارادہ، انکی پروفیشنل ٹریننگ، اور ایمانی تعلق وہ اصلی قوت ہیں جو کسی بھی ٹیکنا لوجی پر بھاری ہیں۔ہر پاکستانی شاہین چاہے وہ جے ایف 17میں ہو یا ٹینک کے اندر ایک ہی جزبہ لے کر چلتا ہے وطن کے لئے جینا ہے شہید ہونا ہے۔
دشمن کا اصلی چہرہ اب چھپا نہیں رہا۔ کلبھوشن یادیو ایک مثال ہے انڈیا کی چلی ہوئی چال کا جہاں ایک ریاستی افسر کو پاکستان کے اندر فسادات پھیلانے کے لئے بھیجا گیا۔ سمجھوتا ایکسپریس۔ جس میں معصوم پاکستانی شہید ہوئے۔ بعد میں انکے سیاست دانوں اور فوج نے خود مانا کہ وہ ان ہی کی انتہا پسند تنظیموں کا کام تھا۔ کینیڈااور امریکہ جیسے ممالک بھی کہ رہے ہیں کہ انڈیاکراس بارڈر دہشت گردی میں ملوث ہے۔
ان سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کے خلاف انتہائی خطرناک مہم چل رہی ہے۔ دنیا کو یہ بات بھی نہیں بھولنی چاہئے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہاہے۔ہم نے 80ہزار سے زائد زیادہ قربانیاں دے کر اس آلودگی سے چھٹکارا پایا۔ کیا یہ انصاف ہے کہ جس ملک نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایاہو اسی کو ٹارگٹ بنایا جائے۔جب ہماری فوج نے دشمن کا مقابلہ کیا تو ہر شہر، ہر بستی، ہر گاں میں لبوں پر دعائیں تھیں۔
ہر ماں نے کہا اگر میرا بیٹا شہید بھی ہوگیا تو مجھے فخر ہوگا۔ یہ جزبہ کسی بجٹ، کسی سیلری، کسی ہیلی کاپٹر کا محتاج نہیں، یہ جزبہ محبت، وفاداری اور پاکستان سے انسیت کا ہے۔ ہماری افواج چاہے وہ زمین میں آرمی ہو،فضا میں ائیر فورس ہو، یا سمندر میں نیوی ہو سب شہادت کے جزبے سے سرشار ہو کر وطن عزیز کا دفاع کرتی ہیں۔ہر پاکستانی کے لئے ڈھال بن کر کھڑی ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہاکہ میں پاکستان کے عوام کی جانب سے پورے زور سے اس بات کا اظہار کرتا ہوں کہ ہم صرف دعاں سے نہیں اپنے اتحاد سے بھی اپنی افواج کے لئے ایک قلعہ ہیں آپ تنہا نہیں عوام آپکے شانہ بشانہ ہیں۔آپکے ہر قدم پر 24کروڑ عوام کے دل دھڑک رہے ہیں۔پاکستان کی دھرتی شہیدوں کے لہو سے محفوط ہے۔ یہ دھرتی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔ ہمیں یوم تشکر پر متحد اور ہمیشہ ایک قوم بنکر دشمن کا مقابلہ کرنے اور افواج پاکستان کا ہر اول دستہ بننے کا عہد کرنا ہے۔
اس موقع پر پاکستان زندہ باد۔۔۔افواج پاکستان زندہ باد۔۔۔۔پاکستان میری پہچان۔۔۔ڈاکٹر عشرت العباد زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ انچارج مرکزی کمیٹی نہال صدیقی، سینئر رہنما ارشد صدیقی، مرکزی رہنماں کے علاوہ تمام ٹان انچارجز و ذمہ داران موجود تھے۔