علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ہفتہ 17 مئی 2025 22:42

علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی دائر درخواست پر سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، علیمہ خان اپنے وکلا علی بخاری اور فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے اپنے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار نمل یونیورسٹی کی بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں، درخواست گزار نے نوبل کاز کی فنڈ ریزنگ کے لیے بیرون ملک جانا ہے، نمل یونیورسٹی ایک تعلیمی ادارہ ہے، جسے مالی مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کا نام پی این ا?ئی ایل لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کیا ہے، درخواست گزار صرف 3 ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنیٰ چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمے کا چالان ابھی تک پیش نہیں کیا گیا ، درخواست گزار کی ذاتی پیشی ضروری نہیں،انڈر ٹیکنگ دینے کو تیار ہیں، درخواست گزار مقررہ وقت پر عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نوبل کاز پر پراسیکیوشن کا کوئی اعتراض نہیں، ملزمہ جس مقدمے میں ریلیف چاہتی ہیں، اسی مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے، ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 21 مئی کیلئے مقرر ہے، راولپنڈی میں ملزمہ کے خلاف 11 مزید مقدمات درج ہیں، ملزمہ کے خلاف راولپنڈی میں درج کسی مقدمے میں ضمانت نہیں ہوئی۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ ٹرائل اور ضمانت کی پروسیڈنگز میں استثنیٰ 2 مختلف باتیں ہیں، ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں استثنیٰ بنتا ہی نہیں، ضمانت قبل از گرفتاری کے کیس میں ملزمہ کی ذاتی پیشی ضروری ہے، سوائے میڈیکل گراؤنڈ کے ملزم کو استثنی کسی صورت نہیں مل سکتا۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کا فنڈ ریزنگ میں اضافی کردار ہے، بنیادی کردار نہیں، نمل یونیورسٹی کی فرینڈز ا?ف چیریٹی 3 ممالک برطانیہ، امریکا اور کینیڈا میں کام کرتی ہے، فرینڈز ا?ف چیریٹی کی سی ای او نائلہ برکی امریکا میں ہیں، یہ چیرٹی ملزمہ کی غیر موجودگی میں گزشتہ کچھ ہفتوں میں 4 لاکھ ڈالرز اکٹھا کرچکی ہے۔

ملزمہ فرینڈز آف چیرٹی ادارے کی ممبر نہیں، کیسز میں تاخیر ملزمان کی غیر سنجیدگی سے آتی ہے، ملزمہ کی جانب سے بیرون ملک جانے کی درخواست بنتی ہی نہیں۔عدالت نے علیمہ خان کی دائر درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔