لانڈھی میں ڈاکووں نے مزاحمت پر ایک اور گھر اجاڑ دیا

کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکووں کی فائرنگ سے زندگی کی بازی ہارنے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 44 ہوگئی ہے

ہفتہ 17 مئی 2025 22:51

لانڈھی میں ڈاکووں نے مزاحمت پر ایک اور گھر اجاڑ دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)ضلع کورنگی کے علاقے لانڈھی میں ڈاکووں نے دوسرے روز بھی ایک اور گھر اجاڑ دیا جہاں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا، جہاں دوروز کے دوران سفاک ڈاکووں نے فائرنگ سے کمسن لڑکے اور شہری کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر زندگی سے محروم کردیا۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے 4 نمبر گلی نمبر 2 اسکول گلی میں موٹر سائیکل سوار سفاک ڈاکووں نے ڈکیتی مزاحمت پر 36 سالہ شاہ فہد ولد طاہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مقتول کے چہرے پر گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔

(جاری ہے)

مقتول کے چھوٹے بھائی شاہ اویس نے بتایا کہ ان کا مقتول بھائی شاہ فہد شیر شاہ میں کمپریسر کا مکینک اور اس کی فروخت کا بھی کام کرتا تھا جو کہ موٹر سائیکل پر گھر آرہا تھا کہ قریب ہی ڈاکووں نے فائرنگ کا نشانہ بنا کر زندگی سے محروم کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں تو محلے سے کسی نے گھر آکر بتایا کہ شاہ فہد کے ساتھ یہ واقعہ ہوگیا، مقتول بھائی کا موبائل تو مل گیا ہے لیکن اس کے پاس رقم بھی موجود ہوتی تھی جو غائب ہے۔انہوں نے کہا کہ مقتول دو بچوں کا باپ تھا اور 5 سال قبل ان کا کڈنی ٹرانسپلانٹ بھی ہوا تھا اور اس کا ڈونر میں تھا اور ہر 3 ماہ بعد چیک کے لیے ایس آئی یو ٹی جانا ہوتا تھا اور صبح ہفتے کو چیک اپ کے لیے بھی جانا تھا لیکن سفاک ڈاکووں نے میرے بھائی سے جینے کا حق ہی چھین لیا۔

شاہ اویس نے بتایا کہ چھوٹا بھائی ہونے کے ناطے آج اس واقعے پر مجھ پر جو گزری ہے وہ میں بیان نہیں کر سکتا، واقعے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا اور مکینوں نے اعلی پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او لانڈھی کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور دیگر پولیس افسران کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔مشتعل افراد نے کہا کہ ڈاکووں کی فائرنگ کا خمیازہ شہریوں کو جان گنوا کر اور زخمی ہو کر برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکووں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہارنے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 44 ہوگئی ہے۔