ایشیا ہائوسنگ سوسائٹی (گلشن کشمیر) راولپنڈی کے 200 متاثرین میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم

جمعہ 16 مئی 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ایشیا ہائوسنگ سوسائٹی (گلشن کشمیر) راولپنڈی کے 200 متاثرین میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کر دئیے گئے۔ اس حوالےسے تقریب نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ڈپٹی چیئرمین قومی احتساب بیورو سہیل ناصر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی ریجن، وقار احمد چوہان محمد الیاس، شاہد نواز جدون, سید اظہار حسین شاہ سراوش الطاف اور دیگر نیب افسران بھی موجود تھے۔

جمعہ کو نیب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب افسران دن رات ایک کرکے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز اور سرمایہ کاری کی سکیموں میں خون پسینے کی کمائی اور جمع پونجی سے محروم ہونے والے متاثرین کی فوری داد رسی اور ان کی رقوم کی بلا تاخیر واپسی کے لئے سرگرم عمل ہیں اور ان کوششوں کے نتیجے میں کثیر تعداد میں متاثرین کو ان کے لوٹے گئے سرمایہ کی واپسی یقینی بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی سے عوام کی لوٹی گئی دولت کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں زیر سماعت مقدمات کو بھی تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ مدت میں مذکورہ ہاوسنگ سکیم کی تحقیقات مکمل کرکے متاثرین کو ان کا حق واپس دلایا گیا ہے جس پر نیب راولپنڈی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے شہریوں سے کہا کہ وہ کسی بھی رہائشی منصوبہ میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی ساکھ بالخصوص این او سی، ملکیتی رقبےکی تسلی کریں تاکہ انہیں بعد میں نقصان نہ اٹھانا پڑے ۔

ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی وقار احمد چوہان نے اس موقع پر بتایا کہ نیب انکوائری کی وجہ سے ایشیا ہاوسنگ سوسائٹی (گلشن کشمیر) کے 281 متاثرین کو 77 ملین روپے کی ادائیگی سوسائٹی انتظامیہ کی طرف سے پہلے ہی کرائی جا چکی ہے۔جبکہ احتساب عدالت کی منظوری کے بعد پلی بارگین سے اس سوسائٹی کے 207 متاثرین کو 96 ملین روپے نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں اس سے قبل منعقدہ تقریب میں ادا کئے گئے اور اب اس سوسائٹی کے 200 متاثرین میں ان کے پلاٹس کے قبضہ لیٹر تقسیم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور نیب راولپنڈی میں دیگر کیسز کو بھی کاروائی تیز تر کی جا رہی ہے کے متاثر ان کو ان کا لوٹا گیا سرمایہ جلد واپس مل سکے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیب افسران میں شیلڈز تقسیم کیں۔