پیرس میں پاکستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام یوم تشکر کی تقریب، مسلح افواج سے اظہار یکجہتی اور شہداء کو خراج عقیدت

ہفتہ 17 مئی 2025 01:20

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سفارت خانہ پاکستان، پیرس نے سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ جوش و جذبے سے یوم تشکر منایا۔

(جاری ہے)

سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے فوجی جوانوں کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں جو مادر وطن کی خود مختاری کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

سفیر نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے میں سفارت کاروں، میڈیا اور نوجوانوں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کےساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔اس موقع پر سفارت خانہ کا ہال ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔