لاہور، نیشنل کالج اف آرٹس میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار

ہفتہ 17 مئی 2025 14:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) نیشنل کالج آف آرٹس میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیےآگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو منشیات کے نقصانات، ان کے معاشرتی اثرات اور قانونی پہلوئوں سے آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ اس خطرناک رجحان سے خود کو اور اپنے اردگرد کے ماحول کو محفوظ رکھ سکیں۔

سیمینار میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ریجنل ڈائریکٹ کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر سکندر حیات نے شرکت کی۔ انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے منشیات کی اقسام، ان کے استعمال کی وجوہات اور ان سے بچائو کے طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور اگر وہ خود باشعور ہوں گے تو ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔وائس چانسلر نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے کہا کہ ہمیں حق سچ بات کرنے کا نشہ اختیار کرنا چاہیے محنت اور آگے بڑھنے کا نشہ ہونا چاہیے نہ کہ وہ جو دو چار گھنٹوں میں اتر جائے۔پروفیسر شہناز ملہی نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں ایسے پروگرامزکے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ طلبہ کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ مثبت سماجی کردار بھی سکھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف آواز بلند کرنا ہر طالبعلم کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔