ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں سابق چیئرپرسن ڈینٹسٹری ڈاکٹر ارم عباس کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ہفتہ 17 مئی 2025 14:16

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں سابق چیئرپرسن ڈینٹسٹری ڈاکٹر ارم عباس کی ریٹائرمنٹ کے موقع پرالوداعی تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب میں ادارہ کی اعلیٰ انتظامیہ، ڈاکٹرز اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نے کی ،اس موقع پر ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر اشفاق احمد، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد آفریدی، ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر داﺅد اقبال، موجودہ چیئرپرسن ڈینٹسٹری خورشید عالم سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران ارم عباس کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور ان کے تعلیمی پیشہ ورانہ اور انتظامی کردار کو سراہا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر ارم عباس کا ادارہ سے ایک طویل عرصہ پر محیط تعلق ادارے کیلئے قابل فخر اثاثہ ہے، ان کی قیادت میں ڈینٹسٹری ڈیپارٹمنٹ نے نمایاں ترقی کی اور متعدد کامیابیاں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نےاپنے خطاب میں ڈاکٹر ارم عباس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ادارہ ان کے تجربہ سے مستقبل میں بھی رہنمائی حاصل کرتا رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ارم عباس کو ادارہ کی جانب سے شیلڈز اور تحائف پیش کئے گئے، ان کے عزیز و اقارب اور ساتھیوں نے بھی انہیں محبت و عقیدت کے ساتھ الوداع کہا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ یہ تقریب ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی جس نے ارم عباس کی بے لوث خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :