Live Updates

خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی نے بھی قیامت ڈھا دی، متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

خیبرپختونخواہ کے اضلاع بونیر اور مانسہرہ میں سیلابی ریلوں کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے بھی تباہی مچا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 اگست 2025 20:40

خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی نے بھی قیامت ڈھا دی، متعدد افراد کے جاں ..
مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2025ء) خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی نے بھی قیامت ڈھا دی، متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات، خیبرپختونخواہ کے اضلاع بونیر اور مانسہرہ میں سیلابی ریلوں کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے بھی تباہی مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے 2 اضلاع میں جمعہ کے روز آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

ریسکیو 1122 مانسہرہ کو 15 اگست کی صبح اطلاع ملی کہ مانسہرہ کے نواحی علاقہ بٹل،ڈھیری حلیم نیل بن میں شدید موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے بعد اچانک سیلابی ریلہ آیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد پانی اور ملبے کی زد میں آ گئے۔ حاد ثہ کے فوری بعد ریسکیو 1122 مانسہرہ اور بٹگرام کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں،امدادی کارروائیاں انتہائی مشکل حالات کے باوجود فوری طور پر شروع کر دی گئیں اور اب تک کی کارروائیوں میں 12 جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید 09 افراد کی تلاش کا عمل مسلسل جاری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بونیر میں بھی آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سمیت دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث 204 افراد جاں بحق اور33 تاحال لاپتا ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں كے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 205 افراد جاں بحق جبکہ 33 لاپتا اور 15 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 128 مرد، 9 خواتین اور13 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 12 مرد، 2 خواتین اور1 بچہ شامل ہے۔ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 35 گھر وں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 28 گھروں کو جزوی اور 7 گھر مکمل منہدم ہوئے۔ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات