Live Updates

ٹیرف ریفارم پلان سے ملکی برآمدی صلاحیت کو تقویت ملے گی،صدر آئی سی سی آئی ناصر ایم قریشی

ہفتہ 17 مئی 2025 14:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی)کے صدر ناصر منصور قریشی نے حکومت کے نئے منظور شدہ پانچ سالہ ٹیرف ریفارمز پلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی برآمدی صلاحیت اور اقتصادی لچک بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے جامع حکمت عملی کی منظوری دی ہے جس کا مقصد کسٹم ڈیوٹی، اضافی کسٹم ڈیوٹی ، خام مال اور نیم تیار اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی کم کرنا ہے، اس اقدام سے برآمدات میں اضافہ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، روزگار پیدا کرنے اور افراط زر روکنے کی توقع ہے۔

ناصر منصور قریشی نے کہا کہ اس ٹیرف ریفارمز پلان کی منظوری ملکی معیشت کے لیے اہم سنگ میل ہے، یہ مستقبل کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو زیادہ مسابقتی تجارتی ماحول کے لیے ہماری دیرینہ مانگ کے مطابق ہے۔

(جاری ہے)

خام مال، درمیانی اشیا اور سرمائے کے سازوسامان تک آسان اور زیادہ سستی رسائی کو قابل بنا کر اصلاحات ملکی صنعتوں کو مضبوط اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیں گی۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ٹیرف کی معقولیت سے اس منصوبے کے اختتام تک برآمدات میں 5 بلین ڈالر تک اضافہ ہوسکتا ہے جس سے عالمی منڈیوں میں مزید مسابقتی موجودگی کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ اقدام زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب اور قانونی درآمدات کی حوصلہ افزائی کرکے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات ہماری صنعتوں کو زیادہ موثر اور عالمی سطح پر مسابقتی بنائیں گی ، قومی کرنسی مستحکم اور افراط زر کا دباؤ کم کرنے میں مدددیں گی۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے اصلاحاتی پیکج کا کامیاب نفاذ یقینی بنانے اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر بھی زوردیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات