ڈی پی او سیالکوٹ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد

ہفتہ 17 مئی 2025 17:13

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہاب الدین پارک اور تھانہ نیکاپورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سن کر ازالہ کیلئے احکامات جاری کیے۔ہفتہ کو ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی اوسیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہاب الدین پارک اور تھانہ نیکاپورہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کھلی کچہری کے موقع پر لوگوں کے مسائل دریافت کئے اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری انصاف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے اور جلد رپورٹس جمع کروانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے زیادہ تر لوگوں کے مسائل موقع پر ہی حل کردیے ۔کھلی کچہری میں موجود لوگوں نے ڈی پی اوکو خراج تحسین پیش کیا۔ڈی پی او نے کہا کہ لوگوں کو انصاف ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور مسائل حل کرکے مجھے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رہے گا اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور علاقے سے جرائم کا خاتمہ کیا جائے گا۔