پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر کے پارکوں اور گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کے لئے خصوصی اقدامات جاری

ہفتہ 17 مئی 2025 17:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر کے پارکوں اور گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے، عوام کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنے اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایت پر سراجیہ پارک کو خوبصورت پھولوں اور پودوں سے سجا دیا گیا ہے جہاں بہار کی رنگینیاں ایک دلکش منظر پیش کر رہی ہیں۔

سرسبز و شاداب مناظر نے پارک کو عوام کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ پی ایچ اے کے ترجمان کے مطابق ادارہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کو اعلیٰ معیار کی تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ سراجیہ پارک میں لگائے گئے خوبصورت پھول، سر سبز مناظر اور صاف ستھرا ماحول بچوں، خواتین اور ہر عمر کے افراد کے لئے کشش کا باعث بن چکا ہے جہاں لوگ قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق عوام کو صاف ستھرا، سر سبز اور پر امن ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سراجیہ پارک میں بہترین سکیورٹی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ پارک کا رخ کرنے والے افراد خود کو محفوظ محسوس کریں۔ صفائی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے اور پارک میں موجود عملہ باقاعدگی سے پھولوں، پودوں اور ہریالی کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں کردار ادا کریں تاکہ راولپنڈی کو ایک خوبصورت، سر سبز و شاداب اور پر امن شہر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :