پسمیڈا،گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم کا آفیشل پارٹنر مقرر، رواں سال پاکستان گلوبل بزنس سمٹ کے انعقاد کا اعلان

اتوار 18 مئی 2025 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) عالمی سطح پر کاروباری مواقع فراہم کرنے والے ادارے گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم ( سوئٹرز لینڈ) نے پاکستان میں اپنے اقدامات کے فروغ کے لیے پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پسمیڈا)کو باضابطہ آفیشل پارٹنر مقرر کر دیا ہے۔گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم کی پاکستان میں نمائندہ اور ایڈ وائزر آمنہ احمد رضا نے اس سلسلہ میں باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی آگاہ کردیا ہے ۔

گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم کی جانب سے رواں سال 3جولائی کو لاہور میں پاکستان گلوبل بزنس سمٹ2025کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس کے لئے پسمیڈا کو اس ایونٹ کی کامیابی اور متعلقہ کاروباری تنظیموں اور افراد سے رابطوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تنظیم کا فلیگ شپ عالمی ایونٹ گلوبل ایس ایم ای سمٹ3 تا 5 ستمبر 2025 ڈیوس کانگریس سینٹر سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہو گی ۔

پسمیڈا کے وائس چیئرمین محمد یاسین نے کہا کہ یہ ہماری تنظیم بلکہ پاکستان کا اعزاز ہے کہ گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم جیسے عالمی ادارے نے ہمیں اپنا آفیشل پارٹنر مقرر کیا ہے ۔اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی برآمدکنندگان، صنعتکاروں اور ایس ایم ایز کے لیے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور نئی شراکت داریوں کے دروازے کھولنے میں معاونت میسر آئے گی ۔

پسمیڈا نہ صرف گلوبل ایس ایم ای بزنس کی جانب سے ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس میں بھرپور شرکت کرے گی بلکہ عالمی ایونٹس میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی برآمدکنندگان، ایس ایم ایز ، مینوفیکچررز اور انڈسٹری اسٹیک ہولڈرز کو مکمل معاونت اور رہنمائی بھی فراہم کرے گی ۔ یہ تعاون کاروباری ترقی، بین الاقوامی نیٹ ورکنگ، اسٹریٹجک شراکت داریوں اور گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم ممبرشپ کے مواقع تک رسائی کے حوالے سے ہوگا۔