Live Updates

زرعی آمدن پر انکم ٹیکس، صوبوں نے قوانین نافذ کر دیے، کلیکشن ستمبر میں متوقع

اتوار 18 مئی 2025 15:35

زرعی آمدن پر انکم ٹیکس، صوبوں نے قوانین نافذ کر دیے، کلیکشن ستمبر میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء) صوبوں نے زرعی آمدن پرانکم ٹیکس عائد کرنے کے لیے وفاقی انکم ٹیکس رولز کے مطابق قانون سازی مکمل کر لی ہے اور اس پر عملدرآمد جنوری 2025 سے شروع کر دیا گیا ہے، اس ٹیکس کی باقاعدہ کلیکشن ستمبر 2025 میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں کی شمولیت کے ساتھ، بالخصوص آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے تعاون سے صوبے زرعی شعبے سے ٹیکس اکٹھا کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

کمپلائنس رسک مینجمنٹ سسٹم (سی آر ایم ایس)اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں لارج ٹیکس پیئرز آفسز میں فعال کر دیا گیا ہے جبکہ آئی ایم ایف کی سفارش پر اس نظام کو جلد کارپوریٹ ٹیکس آفسز تک توسیع دی جائے گی۔ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے متعارف کرائی گئی تاجر دوست اسکیم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکی، تاہم تاجروں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں سالانہ بنیاد پر 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نئے مالی سال کے آغاز پر صوبوں نے ٹیکس کلیکشن بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ مالی سال 2026 سے صوبے ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات خود برداشت کریں گے جیسا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے۔حکومت نے ادارہ جاتی اصلاحات کے سلسلے میں رائٹ سائزنگ کے فیز 4 کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فیز 1 پر پہلے ہی عملدرآمد کیا جا چکا ہے، یہ ایکسرسائز جون 2025 تک مکمل کی جائے گی۔حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انتہائی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل کیے جائیں گے، تاکہ معیشت کی ترقی اور عوامی بہبود کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات