&کے پی حکومت کا سولر پینل منصوبہ کرپشن،کمیشن اور غیر شفافیت کی ایک واضح مثال ہی: عظمیٰ بخاری

’’تبدیلی‘‘ اور ’’سونامی‘‘ جیسے نعرے پختون عوام کے ساتھ ایک بھیانک مذاق بن چکے ہیں:صوبائی وزیر اطلاعات

اتوار 18 مئی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا سولر پینل منصوبہ کرپشن، کمیشن مافیا اور غیر شفافیت کی ایک واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا سولر پینل منصوبہ مبینہ طور پر دو ارب روپے کی کمیشن کی نذرہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ8 ماہ قبل علی امین گنڈاپور نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا، لیکن حیران کن طور پر منصوبے کے پی سی ون کی منظوری سے قبل ہی ٹینڈر جاری کر دیے گئے۔

انکا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں عوامی مفاد کے منصوبے یا تو بنتے ہی نہیں، اور اگر کوئی بن بھی جائے تو وہ حصہ داروں کی لڑائی کی نذر ہو جاتے ہیں۔ کے پی حکومت کی تمام کارکردگی صرف بیانات اور سیاسی بھڑکوں تک محدود ہے، جبکہ صوبے کا عوامی سرمایہ احتجاجی تحریکوں اور من پسند ٹھیکیداروں کی نذر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ''تبدیلی'' اور ''سونامی'' جیسے نعرے پختون عوام کے ساتھ ایک بھیانک مذاق بن چکے ہیں اور ان کے نتائج ناقابلِ تلافی نقصان کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گنڈا پور کے کریڈٹ پر صرف وفاق اور پنجاب پر تین ناکام حملے ہیں۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ کے پی حکومت کو دیے گئے تمام فنڈز کا فوری آڈٹ کرایا جائے۔جب تک خیبرپختونخوا حکومت اپنے پچھلے فنڈز کا حساب نہیں دیتی، وفاق کو ان کے لیے مزید ایک دھیلہ بھی جاری نہیں کرنا چاہیے۔