پشاور لٹریری فیسٹیول میں اہم کردار ادا کرنے والے رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش ، خصوصی تقریب کا انعقاد

پیر 19 مئی 2025 12:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) پشاور لٹریری فیسٹیول کے دوسرے سیزن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل تاشفین حیدر فیسٹیول تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس کے علاوہ تقریب میں منتظم اعلیٰ عبدالرحمن، فیسٹیول کے کور ٹیم ممبرز، میل و فی میل رضاکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کے چیف آرگنائزر عبد الرحمٰن نے تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رضاکار کسی بھی کامیاب ایونٹ کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ ان کی محنت، لگن اور جذبہ خدمت کی بدولت ہی ایسے ایونٹس ممکن ہو پاتے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ رضاکارانہ کام نہ صرف کمیونٹی کی خدمت کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں، ٹیم ورک اور ابلاغی مہارتوں کو بھی نکھارتا ہے۔ ہمارے رضاکار خاموش ہیروز ہیں جنہوں نے پردے کے پیچھے رہ کر مہمانوں کے انتظام، سامعین کی رہنمائی اور دیگر امور میں شاندار کردار ادا کیا.تقریب کے اختتام پر رضاکاروں میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔