الخدمت کی جانب سے تھرپار میں 800 بچوں کو مفت تعلیمی کورس فراہم

پیر 19 مئی 2025 17:49

․تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)الخدمت فانڈیشن سندھ کے زیرانتظام ضلع تھرپارکر میں قائم 21 چونرا اسکولز میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر 800 سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت نصابی کتب فراہم کردی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الخدمت کے ضلعی ذمہ داران نے کہا کہ صحراِ تھر کے بچوں کے ہاتھوں میں علم کی شمع تھما کر ہم نہ صرف ان کے مستقبل کو روشن کر رہے ہیں، بلکہ پورے علاقے میں ترقی اور بیداری کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فانڈیشن تعلیم کو بنیادی انسانی حق سمجھتی ہے اور ملک کے پسماندہ طبقات کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

چونرا اسکولز میں مفت تعلیم، کتابیں، اور دیگر تعلیمی وسائل کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔الخدمت فانڈیشن مستقبل میں بھی تھرپارکر سمیت ملک کے دیگر دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ الخدمت فانڈیشن نے تھرپارکر کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے 21چونرااسکولز قائم کئے ہوئے ہیں جہاں 800 سے زائد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :