سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مشاورتی پیپر جاری کردیا

پیر 19 مئی 2025 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ایک مشاورتی پیپر جاری کی ہے جس میں کیپیٹل مارکیٹ میں شریعت کے مطابق ثالثوں کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز دی گئی ہیں۔ یہ پیپر ایس ای سی پی کے وسیع تر مقصد کے مطابق ہے تاکہ اس کے ریگولیٹڈ سیکٹرز میں شریعت کے مطابق خدمات کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔

مشاورتی پیپر میں تجویز دی گئی ہے کہ شریعت کے مطابق ادارے مرحلہ وار طریقے سے اپنا کاروبار شریعت کے مطابق بروکرز کے ذریعے کریں، جس کا منصوبہ ان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز بنائیں گے۔ اس کے ساتھ، اسلامی مالیاتی اداروں اور اسلامی ونڈو سروس فراہم کرنے والوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تکافل اور سرمایہ کاری کے لیے شریعت کے مطابق بروکرز اور ثالثوں کی خدمات لیں، چاہے ان پر اس کی پابندی نہ بھی ہو۔

(جاری ہے)

تجویز میں دیگر اقدامات میں یہ بھی شامل ہے کہ شریعت کے مطابق ثالثوں کو نمایاں کرنے کے لیے سینٹرلائزڈ گیٹ وے پورٹل پر ان کے لیے ایک الگ کیٹیگری بنائی جائے۔ اسی طرح ایملک فنانشلز (EMLAAK Financials)پر شریعت کے مطابق اثاثہ منیجمنٹ کمپنیوں کی ایک الگ فہرست بھی تیار کی جائے۔ روشن ڈیجیٹل اکانٹ (RDA) کے صارفین کی سہولت کے لیے اسلامی بینکوں کی ویب سائٹس اور موبائل ایپس پر شریعت کے مطابق ثالثوں کے لیے ایک الگ سیکشن بنانے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جائے گی۔ان تجاویز پر رائے 3 جون 2025 تک ای میل کے ذریعے [email protected] پر بھیجی جا سکتی ہیں۔ مشاورتی پیپرایس ای سی پی کی ویب سائٹ سے حاصل کیا جاسکتاہے۔