ایف بی آرکی آئی ایم ایف کو ریٹیل، رئیل اسٹیٹ اور کارپوریٹ سیکٹرز میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے آڈٹ کی یقین دہانی

پیر 19 مئی 2025 21:36

ایف بی آرکی آئی ایم ایف کو ریٹیل، رئیل اسٹیٹ اور کارپوریٹ سیکٹرز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2025ء)ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو ریٹیل، رئیل اسٹیٹ اور کارپوریٹ سیکٹرز میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے آڈٹ کرنے کی یقین دہانی کروادی۔ذرائع ایف بی آرکے مطابق حکومت سی آر ایم سسٹم کے ذریعے ہائی رسک ٹیکس دہندگان کی نشاندہی کرے گی، نفاذ بڑھانے اور ٹیکس چوری کم کرنے کیلئے آڈیٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع ایف بی آر کے مطابق حکومت انٹیگریٹڈ پوائنٹ آف سیل سسٹم میں خوردہ فروشوں کی شرکت بڑھائے گی، درآمدی اعلانات کی کڑی نگرانی کی جائے گی، خاص طور پر بے قاعدہ پیٹرن والے درآمد کنندگان کی نگرانی ہوگی۔ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ اسمگلنگ کی روک تھام کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، غیر رسمی تمباکو مارکیٹ میں ٹیکس چوری سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، ذرائع کے مطابق ریونیو ایڈمنسٹریشن کو مزید بہتر بنانے اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے ۔پیداوار کی نگرانی کیلئے سسٹم پر عمل درآمد جاری رہے گا اور اسمگلنگ مخالف مہمات تیز کی جائیں گی، شمال مغربی علاقوں میں چیک پوائنٹ آپریشنز کو مضبوط بنایا جائے گا۔