جو ماضی میں فوج کو بدنام کرتے رہے وہ بھی رگڑے جائیں گے

نواز شریف اور زرداری کے لیے الگ قانون نہیں ہے، قوم اور ملک اور افواج کو رگڑنے والے منافق سیاستدانوں کو اب رگڑ دیا جائیگا، فیصل واوڈا کا دعوٰی

muhammad ali محمد علی منگل 19 اگست 2025 00:19

جو ماضی میں فوج کو بدنام کرتے رہے وہ بھی رگڑے جائیں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 اگست 2025ء ) فیصل واوڈا نے دعوٰی کیا ہے کہ جو ماضی میں فوج کو بدنام کرتے رہے وہ بھی رگڑے جائیں گے، نواز شریف اور زرداری کے لیے الگ قانون نہیں ہے، قوم اور ملک اور افواج کو رگڑنے والے منافق سیاستدانوں کو اب رگڑ دیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے جنرل باجوہ کو لیٹ کر ایکسٹینشن دی، قوم اور ملک اور افواج کو رگڑنے والے منافق سیاستدانوں کو اب رگڑ دیا جائیگا، جو ماضی میں بھی فوج کی بدنامی کا باعث بنے اور بدنام کرتے رہے وہ رگڑے جائیں گے، نواز شریف اور زرداری کے لیے الگ قانون نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل ایکسٹینشن تو لے ہی نہیں رہے، تسلسل)] کو توسیع کا نام نہیں دیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

سینئر سیاستدان سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا کے بیان کی تائید کرتا ہوں کہ کے پی فنڈ کا 10 فیصد مسلح گروہوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلے والوں کو چور کہتے تھے خود توڈاکو نکلے، مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تائید کرتا ہوں، مولانا نے کہا تھا کہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری فنڈ کا 10 فیصد مسلح گروہوں کو جاتا ہے، جوناکام صوبے ہوتے ہیں وہاں تباہی ہوتی ہے، کے پی میں کوئی منصوبہ بندی نہیں ان کی توجہ مال بٹورنے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا چہرہ دیکھتے رہا کریں، وہ ہمارے دور حکومت میں وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک صوبے کا معاملہ نہیں، جب تمام صوبوں کے فنڈز میں گھسیں گے تو بڑا بہت بڑا فنڈا نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے اور پی ٹی آئی قیادت بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے میں کامیاب ہوگئی، یہ اپنے اقتدار کے مزے لوٹتے ہیں اور لوٹتے رہیں گے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ جو فیل صوبے ہوتے ہیں وہاں پر یہی تباہی ہوتی ہے، تحریک انصاف والے نعرہ لگاتے تھے، سارے چور ہیں، سارے بے ایمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ نشستوں پر جو نورا کشتی ہوئی ہے، وہ سب کے سامنے ہے، فیلڈ مارشل کی سربراہی میں پاک فوج ملک کو بچاتی رہے گی۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ملک میں آپریشن رکے گا نہیں تیز ہوگا، جو اس تسلسل کے بیچ میں آئے گا جتنا بڑا طرم خان ہوگا رگڑ دیا جائے گا۔

سیاستدان ذاتی مفاد کی خاطر فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ یاد رہے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخواہ میں سرکاری فنڈز کا 10 فیصد غیرریاستی مسلح گروہوں کو دیا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کی اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی مجالس ہونی چاہئیں جہاں پر کھل کر بات چیت ہوسکے، قبائلی علاقوں میں مسلح گروہوں کا راج ہے، سرکاری فنڈز کا 10 فیصد یہ مسلح گروہ لے جاتے ہیں، تاجر کاروبار نہیں کرسکتے ہر کسی کو بھتہ دینا پڑتا ہے،حکومت کی رٹ کے حوالے سے یہ بڑاسوالیہ نشان ہے۔