دولت کے لالچ میں قدرت کے انتقام کو دعوت دو گے تو پھر آسمان پھٹ پڑتا ہے

چور ٹھیکیداروں، حکومتی اور سیاسی نمائندوں کی ملی بھگت تھی کہ اربوں روپوں کے بنے کاغذی پل اور سڑکیں لمحوں میں پانی کے ریلے میں بہہ گئے، قیمت بےگناہ غریب ادا کررہا ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف کی کےپی حکومت پر تنقید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 اگست 2025 22:03

دولت کے لالچ میں قدرت کے انتقام کو دعوت دو گے تو پھر آسمان پھٹ پڑتا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 اگست 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دولت کے لالچ میں قدرت کے انتقام کو دعوت دو گے تو پھر آسمان پھٹ پڑتا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ پر اپنے ردعمل می کہا کہ پہاڑ کاٹو، درخت کاٹ ڈالو، ندی نالوں اور دریاؤں کے کناروں کے اندر ھوٹل اور مارکیٹیں بنا لو۔ دولت کے لالچ میں قدرت کے انتقام کو دعوت دو تو پھر آسمان پھٹ پڑتا ھے۔

زمین پہ پانی بپھر جاتا ھے۔ چور ٹھیکیداروں، حکومتی اھلکاروں اور سیاسی نمائندوں کی ملی بھگت سےاربوں روپوں کے کاغذی پل اور سڑکیں لمحوں میں پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔ نا جائز دولت کی ھوس کا سیلاب معاشرے کی تمام اخلاقی قدریں برباد کو گیا۔ قیمت بے گناہ غریب ادا کررہا ھے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران 657 افراد جاں بحق ، 929 زخمی اور2462 گھر تباہ ہوئے ہیں، کئی گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ایک ہزار مویشی متاثر ہوئے ہیں، حالیہ سیلاب کے دوران پاک فوج سمیت دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مربوط طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی حالیہ سیلاب کے دوران این ڈی ایم اے کی کارکردگی پر تحریک پر بحث کو سمیٹتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایوان بالا میں اراکین کی آواز متعلقہ اداروں اور حکام تک پہنچتی ہے اور حکومت اسے سنجیدگی سے لیتی ہے، وفاقی حکومت سیلاب کے قومی المیہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اس پر کوئی سیاسی بیان بازی نہیں ہو رہی، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس وافر وسائل ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں این ڈی ایم اے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچائو اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعاگو ہیں۔