حجرہ شاہ مقیم ، بیچ بچائو کروانے کا انجام،وکیل کا والد قتل کردیا

بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال،ڈی پی او کا نوٹس، ملزم گرفتار،5ٹیمیں تشکیل دیدیں تیز گاڑی سے دھول اڑانے والوں کو دوکاندار نے منع کیا ،ملزمان نے فائرنگ کر دی

منگل 20 مئی 2025 17:16

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)حجرہ شاہ مقیم میں معمولی تلخ کلامی کا افسوسناک انجام 55سالہ زمیندار طفیل کی جان لے گیا۔ واقعہ گائوں خان بہادر میں اس وقت پیش آیا جب دو سگے بھائی اسد اور سفیان تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے گزرے، جس پر محلے کے درزی ساجد عرف ٹیلر ماسٹر سے ان کی تلخ کلامی ہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق ساجد نے بعد ازاں ملزمان کے خلاف طفیل سے شکایت کی۔

زمیندار طفیل جو کہ ایڈووکیٹ ملک زاہد کا والد تھا،اس نے بیچ بچائو کی کوشش کی، مگر صلح کی جگہ خون بہہ گیا۔ ملزمان نے غصے میں آ کر طفیل سے جھگڑا کیا اور فائرنگ کر کے اسے موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس موقع پر پہنچی، اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کے خلاف بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کر کے عدالتی کاروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا،ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سپیشل ٹاسک فورس، دیپالپور سرکل اور آئی ٹی ٹیم سمیت 5خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں جو جدید طریقہ کار کے تحت مفرورملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم اسد کو گرفتار کر لیا ہے۔ڈی پی او راشد ہدایت نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ناحق قتل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی اور ایسے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔