خٹک خاندان کی جانب سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی اسلامک سینٹر کیلئے 40 لاکھ روپے کا عطیہ

منگل 20 مئی 2025 17:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ورثے اور کمیونٹی کی خدمت کے جذبے کے تحت خٹک خاندان نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاورمیں اسلامک سینٹر اور مسجد کی تعمیر کے لیے 40 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔ یہ عطیہ مرحوم انجینئر محمد اسحاق خٹک کی یاد میں دیا گیا ہےجن کا خواب تعلیم اور اقدار کو یکجا کرنا تھا۔ اس عطیے کا اعلان مرحوم انجینئر محمد اسحاق خٹک کی اہلیہ اور کنٹری گرامر اسکول اور دی ایجوکیٹرز کالج کی بانی جمیلہ جان خٹک نے کے ایم یومیں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا ۔

واضح رہے کہ زیرِ تعمیر اسلامک سینٹر میں مرد و خواتین کے لیے الگ نماز ہالز، کلاس رومز اور اسلامی تعلیمات سے متعلق ایک تحقیقی شعبہ شامل ہوگا۔ اس کا جامع ڈیزائن طلبہ اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے روحانی سکون اور علمی تحقیق دونوں کے لیے ایک مثالی مقام فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

جمیلہ جان خٹک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ عطیہ میرے شوہر کے خواب کی تعبیر ہے، وہ تعلیم اور مشترکہ اقدار کے ذریعے معاشرے کو بلند کرنے پر یقین رکھتے تھے۔

ہمیں امید ہے کہ یہ سینٹر اسی جذبے کا عکاس ہوگا اور آنے والے سالوں تک لوگوں کی خدمت کرتا رہے گا۔مرحوم انجینئر محمد اسحاق خٹک کی بیٹی ڈاکٹر ماریہ اوران کے فرزند ڈاکٹر سعدجو دونوں طبی شعبے سے وابستہ ہیں ،نے بتایا کہ ان کے والد کے اصولوں نے انہیں یہ احسن قدم اٹھانے میں رہنمائی فراہم کی ہے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے خٹک خاندان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر صرف عبادت کا مقام نہیں ہوگا بلکہ مکالمے، اسلامی علوم اور تعلیمی زندگی میں اقدار کے انضمام کو بھی فروغ دے گا۔ اس اسلامک سینٹر اور مسجد کی تکمیل 2025 میں متوقع ہےجو روحانی اور علمی ترقی کے لیے ایک پائیدار مقام فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :