سی بی ڈی پنجاب اور لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیو نٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بزنس ڈسٹرکٹ بنانے کی تیاری

منگل 20 مئی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جسے سی بی ڈی پنجاب کے نام سے جانا جاتا ہے، نے مقامی حکومت و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور اس کے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے ساتھ مل کر صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹس بنانے کے لیے اشتراک کیا ہے۔

سی بی ڈی پنجاب کے چیف آپریٹنگ آفیسر بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے اس شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ اشتراک پنجاب کے لیے ایک ترقی یافتہ اور پائیدار شہری مستقبل کی تعمیر کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم لوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پی ایم یو کے ساتھ مل کر ایسے اہم مقامات کی نشاندہی کر رہے ہیں جو مقامی معیشت کو فروغ دے سکیں۔

(جاری ہے)

ہماری کوشش ہے کہ ہر سی بی ڈی مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ بنے، سب کو ترقی کے مواقع دے اور عوام کی ضروریات کے مطابق ہو۔یہ اشتراک سی بی ڈی پنجاب کی توسیع کو پنجاب کے طویل مدتی شہری ترقی اور زمین کے استعمال سے متعلق منصوبوں سے ہم آہنگ کرتا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب ان منصوبوں میں اپنی تکنیکی مہارت فراہم کر رہا ہے تاکہ موزوں جگہوں کا انتخاب کیا جا سکے جو معاشی اور ترقیاتی لحاظ سے اہم ہوں۔

سی بی ڈی پنجاب اور پی ایم یو کے درمیان یہ باہمی تعاون شہری منصوبہ بندی کو آسان بناتا ہے اور یہ یقینی بناتا ہے کہ نئے بزنس ڈسٹرکٹ صوبائی پالیسیوں اور پلاننگ فریم ورک کے مطابق بنیں۔ اس اشتراک میں ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کیے جا رہے ہیں تاکہ منصوبہ بندی بہتر ہو، ترقی پائیدار ہو اور جدید کاروباری مراکز قائم کئے جا سکیں۔سی بی ڈی پنجاب ان علاقوں کی شناخت اور ترقی کی صلاحیت کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کی تجاویز اور سپیشل اسٹڈیز فراہم کر رہا ہے۔

یہ تمام سرگرمیاں پی سی بی ڈی ڈی اے ایکٹ 2021کے تحت کی جا رہی ہیں تاکہ قانون اور صوبائی معیار کے مطابق کام ہو۔یہ شراکت داری شفافیت کو فروغ دیتی ہے، مختلف اداروں کے درمیان تعاون بڑھاتی ہے اور وسائل کے موثر استعمال کو ممکن بناتی ہے۔ یہ حکومت پنجاب کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت جدید، منظم اور معاشی طور پر مضبوط شہری مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں سرمایہ کاری بڑھے، انفراسٹرکچر بہتر ہو، اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔سی بی ڈی پنجاب اور اس کے سرکاری شراکت دار ایک ساتھ مل کر پنجاب کے شہری مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ ایک ایسا مستقبل جو مواقع سے بھرپور ہو اور جو صوبے کی معیشت اور ترقی کا نقشہ بدل دے۔