یونیورسٹی آف تربت کے انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگوئج اینڈ کلچر (آئی بی ایل سی) کے ایم فل اسکالرز دردانہ بشیر اور پرویز احمد کا اپنے تحقیقی مقالہ جات کاکامیابی سےدفاع

منگل 20 مئی 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) یونیورسٹی آف تربت کے انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگوئج اینڈ کلچر (آئی بی ایل سی) کے ایم فل اسکالرز دردانہ بشیر اور پرویز احمد نےاپنے تحقیقی مقالہ جات کاکامیابی سےدفاع کیاہے۔ دونوں اسکالرز نے اپنا تحقیقی کام آئی بی ایل سی کے فیکلٹی ممبرڈاکٹر شریف میر اورایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرطاہر حکیم کی زیرنگرانی مکمل کیا ہے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن اور یونیورسٹی آف گوادر کے کنٹرولرامتحانات ڈاکٹررحیم بخش مہر نے ویڈیو لنک کے ذریعے بطورایکسٹرنل ایگزامینراجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور (تمغۂ امتیاز) نے کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شعبہ کیمسٹری کی ایم فل اسکالر ثناء بہرام نے بھی اپنا تحقیقی مقالہ کامیابی سے پیش کیا۔

انہوں نے اپنا تحقیق مقالہ شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمان کی زیرِ نگرانی مکمل کیا ہے۔ اس موقع پر بولان میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم نے بطور ایکسٹرنل ایگزامینرویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اس اجلاس کی صدارت فیکلٹی آف سائنس انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر نعیم اللہ نے کی۔

اس موقع پر گریجویٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم برکت نے کامیاب اسکالرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایم فل اسکالرز کی جانب سے اپنے اپنے تحقیقی مقالہ جات کا کامیابی سے دفاع کرنا اس بات کی عکاس ہے کہ یونیورسٹی آف تربت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی سربراہی میں معیاری تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔