امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ،ڈکیت وچور گروہ گرفتار

منگل 20 مئی 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 03 رکنی متحرک ڈکیت گروہ گرفتارکر لیا۔ گرفتار ملزمان میں شہزاد، کاشف عرف کاشی اور ناصر شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے موٹر سائیکل،غیر قانونی اسلحہ، 4 موبائل فونز اور نقدی برآمدکی گئی۔

ہنجروال پولیس نے بھی02 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عثمان اور عمر کے ناموں سے ہوئی۔ سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان گن پوائنٹ پر عوام الناس سے لوٹ مار کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضہ سے 06 موبائل فونز، 02 موٹرسائیکلیں، نقدی، 02 پستول 30 بور بمہ گولیاں برآمدکی گئیں۔

(جاری ہے)

چوکی اعوان ڈھائے والا پولیس نے بھی ڈکیتی، چوری، نا جائز اسلحہ کے 35 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ 02 رکنی طارق عرف طاری چور گروہ گرفتارکر لیا۔

گرفتارملزمان میں سرغنہ طارق عرف طاری اور بلال مسیح شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 02 موٹر سائیکلز، 04 موبائلز، نقدی، 02 پستول اور گولیاں برآمدکی گئیں۔ڈولفن سکواڈ نے اولڈ انار کلی کے علاقے سے موبائل سنیچنگ میں ملوث ملزم کوگرفتارکر لیا۔ ملزم کی شناخت دانش کے نام سے ہوئی۔ ڈولفن جوانوں نے دوران سنیپ چیکنگ موصول ہونے والے حلیہ جات کے مطابق ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا۔

ملزمان نے ڈولفن ٹیم کو دیکھتے ہی فرارہونے کی کوشش کی۔تعاقب کے بعد 1 ملزم کوگرفتارکر لیا گیا جبکہ ساتھی ملزم رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ ملزم کے قبضہ سے چھینے گئے 2 موبائل فون برآمدکر کے قانونی کارروائی کیلئے اولڈ انارکلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ چوکی سگیاں پولیس نے بیوی کو گلا دبا کر قتل کر کے جلانے والے سفاک ملزم کو12 گھنٹوں میں گرفتارکر لیا۔

ملزم نذیرکی 20 سال قبل مقتولہ نجمہ سے شادی ہوئی۔ ملزم نے تین سال قبل دوسری شادی کی اوراس کے ساتھ کرائے کے گھر میں رہنے لگا۔ گھریلو ناچاقی پر ملزم نے خاتون کو بے دردی سے نجمہ کوقتل کیااور لاش جلا کر فرار ہو گیا۔ افسوسناک وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتار ی کا حکم دیا۔ پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میاں بیوی کو سرگودھا سے گرفتار کر لیا۔

ساندہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر منشیات فروش گرفتار کر لیا۔ منشیات فروش شیر علی پٹھان کو بھاری مقدار کے ساتھ حسن چوک سے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ چیکنگ ملزم کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی 09 کلو چرس برآمدہوئی۔ ملزم شیر علی پٹھان تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرتا تھا۔ گلبرگ پولیس نے بھی مختلف کارروائیوں کے دوران2 منشیات فروش گرفتار کر لیئے۔ گرفتار ملزمان میں ثاقب اور شاویز شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 1 کلو سے زائد چرس اور 500 گرام آئس برآمد ہوئی۔