دبئی میں ٹریفک سگنلز پر پبلک بسوں کیلئے نیا نظام متعارف

آر ٹی اے کے ذریعے لاگو نظام ہائی بس ٹریفک والی بڑی سڑکوں پر مصروف اوقات میں گرین لائٹ کا دورانیہ بڑھاتا ہے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 13:37

دبئی میں ٹریفک سگنلز پر پبلک بسوں کیلئے نیا نظام متعارف
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) دبئی میں ٹریفک سگنلز پر پبلک بسوں کیلئے نیا نظام متعارف کردیا گیا، جس کا مقصد سمارٹ انفراسٹرکچر سلوشنز کے ذریعے ٹریفک کے مجموعی بہاؤ کو 20 سے 30 فیصد تک بہتر بنانا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی نے ٹریفک سگنلز کے ساتھ مصروف چوراہوں پر عوامی بسوں کے لیے ترجیحی نظام وضع کیا ہے جس سے بسوں کی آمد کے اوقات میں 12 فیصد بہتری ہوئی ہے، روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے ذریعے لاگو کیا گیا یہ نظام ہائی بس ٹریفک والی بڑی سڑکوں پر مصروف اوقات کے دوران گرین لائٹ کے دورانیے کو بڑھاتا ہے۔

آر ٹی اے ترجمان نے اس اقدام کے مثبت اثرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کے فوائد پہلے ہی واضح ہیں، مارچ 2025ء میں پبلک بس سروس نے 80 فیصد سے زیادہ کی بروقت کارکردگی کی شرح کو حاصل کیا، یہ سڑکوں پر بھیڑ کی موجودہ سطح کو دیکھتے ہوئے ایک اہم کامیابی ہے، یہ پبلک ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہے، اسی مقصد کے لیے ابھی پچھلے ہفتے آر ٹی اے نے 13 کلومیٹر پر محیط 6 نئی بس اور ٹیکسی لین شامل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا، ان لین سے سفر کے اوقات میں 41 فیصد تک کمی کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دبئی کا 1 ہزار 390 پر مشتمل بسوں کا بیڑا تقریباً 90 فیصد شہر پر محیط ہے، جو روزانہ 11 ہزار ٹرپس چلاتا ہے اور 5 لاکھ سے لوگ اس سے مستفید ہوتے ہیں، یہ اضافہ آر ٹی اے کے پائیدار، طویل مدتی حل کے کلیدی عناصر ہیں، اتھارٹی کا مقصد سمارٹ انفراسٹرکچر سلوشنز کے ذریعے ٹریفک کے مجموعی بہاؤ کو 20 سے 30 فیصد تک بہتر بنانا ہے، پچھلے سال اتھارٹی نے الخوانیج، القوسیس، جبل علی اور القوز سمیت متعدد مقامات پر 16 بس سٹیشنز اور 6 بس ڈپو تیار کرنے کے تین سالہ منصوبے کا آغاز کیا۔

آر ٹی اے کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گنجان علاقوں میں بسوں کو ترجیح دی جارہی ہے، ایسا کرنے کا مقصد ٹریفک میں تاخیر کو کم کرنا، طے شدہ خدمات کو سپورٹ کرنا اور مسافروں کی بروقت آمد اور روانگی کو یقینی بنانا ہے، سٹریٹجک مداخلت مسافروں کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی زیادہ مؤثر طریقے سے کرنے کی اجازت دیتی ہے کیوں کہ وہ ٹریفک کی بھیڑ کے باوجود شیڈول کے مطابق چلنے کے لیے بسوں کے سفر پر انحصار کرسکتے ہیں، اس کامیابی کی بنیاد پر پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی وقت کی پابندی اور بھروسے کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، بس کے ترجیحی نظام میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، جو دوسرے آپریشنل اقدامات کے ساتھ پورے شہر میں ہموار، قابل بھروسہ اور صارف پر مرکوز نقل و حمل کے حل فراہم کرنے کے لیے آر تی اے کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال مسلسل بڑھ رہا ہے، 2024ء میں شہر نے 188 ملین پبلک بس مسافروں کو ریکارڈ کیا جو کہ 2023ء کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے، پچھلے سال 9 ایکسپریس روٹس شروع کیے گئے، نیٹ ورک میں 9 میٹرو لنک کنکشن شامل ہوئے اور ہائی ڈیمانڈ والے زونز میں چار نئے ٹیکسی روٹس متعارف کروائے گئے، آر ٹی اے نجی کاروں کے استعمال کے متبادل کو بھی فروغ دے رہا ہے، ایک زیادہ پائیدار، مؤثر ٹرانسپورٹ ایکو سسٹم بنانے کے لیے رہائشیوں کو پبلک ٹرانسپورٹ اور مشترکہ نقل و حرکت کے اختیارات کی طرف جانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔