سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی پر 20 افراد گرفتار

حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں 12 غیر ملکیوں سمیت 8 سعودی شہری شامل

بدھ 21 مئی 2025 16:46

سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی پر 20 افراد گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سعودی حکام نے سزائیں سنادیں۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی پر 12 غیر ملکیوں سمیت 8 سعودی شہریوں کو سزا سنادی۔ یہ افراد بغیر اجازت نامے کے 60 افراد کو حج کرانے کی کوشش میں مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر تعینات حج سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔

(جاری ہے)

وزارت نے ان افراد کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کیے ہیں جن میں غیر قانونی طور پر افراد کو مکہ منتقل کرنے والے ٹرانسپورٹرز، ان کے ساتھیوں اور سفر کی سہولت حاصل کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے۔ملزمان پر عائد کردہ سزاں میں قید، زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال (SR100,000) جرمانہ، غیر قانونی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ضبطی، غیر ملکیوں کی ملک بدری، اور سزا مکمل ہونے کے بعد 10 سال کے لیے سعودی عرب میں دوبارہ داخلے پر پابندی شامل ہے۔وزارتِ داخلہ نے تمام شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے ضوابط اور ہدایات کی مکمل پابندی کریں تاکہ حجاج کرام کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ سہولت اور اطمینان کے ساتھ اپنے مناسکِ حج ادا کر سکیں۔