سندھ میں متنازعہ کینالز کیخلاف احتجاج نے پھر شدت پکڑلی، نوشہروفیروز میں دھرنا

قومی شاہراہ کی بندش کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا، دھرنے کے باعث سڑک بند ہونے سے اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان کی ترسیل بھی رک گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 16:17

سندھ میں متنازعہ کینالز کیخلاف احتجاج نے پھر شدت پکڑلی، نوشہروفیروز ..
نوشہروفیروز ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) صوبہ سندھ میں متنازعہ کینالز منصوبے کے خلاف احتجاج نے ایک بار پھر سے شدت پکڑلی ہے اور مظاہرین نے اس سلسلے میں نوشہروفیروز میں دھرنا دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ میں وفاق کے متنازعہ کینالز منصوبے کے خلاف عوام کا غصہ ایک بار پھر بڑھ چکا ہے جس کا عملی مظاہرہ وہاں کی سڑکوں پر دیکھا جارہا ہے جہاں نوشہرو فیروز میں گزشتہ روز شروع ہونے والے احتجاج نے اب شدت اختیار کرتے ہوئے دھرنے کی شکل اختیار کرلی جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی اور مال بردار گاڑیوں سمیت مسافر گاڑیاں طویل قطاروں میں پھنس گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ قومی شاہراہ کی بندش کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دھرنے کے باعث سڑک بند ہونے سے اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے، دھرنے کے دوران وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ کی اطلاعات بھی ملی ہیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، علاقے میں سکول اور بازار بند کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اس واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے وزیرداخلہ سندھ ضیاء لنجار کے گھر پر دھاوا بول دیا، توڑ پھوڑ کی اور گھر کو آگ لگا دی، اسی کے پیش نظر آج ضیا لنجار کے گھر کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے اطراف بھی تعینات ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جائے۔