یونیورسٹی آف سرگودھا کے کالج آف ایگریکلچر میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

بدھ 21 مئی 2025 19:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے کالج آف ایگریکلچر میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے تقریباً 100 بوتلیں خون عطیہ کیا۔ یہ کیمپ کالج کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور ہلالِ احمر سرگودھا کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔

کیمپ کا افتتاح پرنسپل کالج آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر محمود الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز کالج آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان،چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اشتیاق احمد، ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر منیر گجر اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے جس کے ذریعے ہم تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں میں خدمتِ خلق کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ یہ نوجوان ہی ہیں جو اپنے مثبت کردار اور انسان دوستی کے جذبے سے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر محمود الحسن نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نہ صرف تعلیمی میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے بلکہ سماجی فلاح و بہبود پر مبنی سرگرمیوں کو بھی بھرپور فروغ دے رہی ہے۔ یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ کمیونٹی سروسز کے ذریعے خطے میں مثبت تبدیلی لائی جائے اور معاشرے کے محروم طبقوں کی عملی مدد کی جائے۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان نے بلڈ ڈونیشن کیمپ میں طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا جذبہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہماری نوجوان نسل معاشرتی خدمت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیوں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد ضروری ہے تاکہ خدمت خلق کا یہ سفر جاری رہے اور ایک صحت مند، باشعور معاشرا تشکیل پائے۔

متعلقہ عنوان :