Live Updates

ایس ای سی پی کا یونائیٹڈ انشورنس کو گارنٹی دینے کا کام بند کرنے کا حکم

بدھ 21 مئی 2025 19:56

ایس ای سی پی کا  یونائیٹڈ انشورنس کو گارنٹی دینے کا کام بند کرنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے 20 مئی 2025 کو انشورنس آرڈیننس 2000 کے سیکشن 60 کے تحت جاری کردہ ہدایت کے ذریعے دی یونائیٹڈ انشورنس کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کا گارنٹی دینے کاروبار بند کر دیا ہے۔ ایس ای سی پی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ہدایت کے جاری ہونے سے پہلے یونائیٹڈ انشورنس کو ایک شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔

کمپنی نے 21 فروری 2024 کو لاہور ہائی کورٹ سے حکمِ امتناع لیا تھا لیکن 10 اپریل 2025 کو عدالت نے کمپنی کی درخواست کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کر دیا۔یونائیٹڈ انشورنس نے وقتاً فوقتاً مختلف بہانوں سے جان بوجھ کر کال کی گئی گارنٹیز کی رقم ادا کرنے سے انکار کیا جس کے نتیجے میں دسمبر 2023 تک گارنٹیز کی رقم بڑھ کر 2.2 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

سال 2024 اور 2025 کے دوران مزید 82 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گارنٹیز کی عدم ادائیگی سے متعلق شکایات موصول ہوئیں۔

متعدد مواقع فراہم کئے جانے کے باوجود یونائیٹڈ انشورنس ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق گارنٹیز کا کاروبار جاری رکھنے کی اہلیت ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ یونائیٹڈ انشورنس نے کارروائی کے دوران ایس ای سی پی کو تقریباً ایک ارب روپے کی ایک گارنٹی کے تصفیے سے متعلق غلط اور گمراہ کن بیان دیا۔ یونائیٹڈ انشورنس کے اس جھوٹے بیان کے معاملے کو ایس ای سی پی انشورنس آرڈیننس کے متعلقہ قوانین کے تحت الگ سے دیکھے گا۔

پالیسی ہولڈرز اور گارنٹی ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ اور انشورنس سیکٹر میں عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے ایس ای سی پی نے فوری طور پر یونائیٹڈ انشورنس کا گارنٹیز کا کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، یونائیٹڈ انشورنس کو نئی گارنٹیز جاری کرنے اور پرانی گارنٹیز کو آگے بڑھانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ یونائیٹڈ انشورنس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہلے سے جاری کردہ گارنٹیز کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں مقررہ وقت پر پوری کرے۔

یونائیٹڈ انشورنس کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایس ای سی پی سے جاری کردہ ہدایت کی منسوخی یا ترمیم کی درخواست دے، بشرطیکہ وہ ریگولیٹری فریم ورک کی تمام شرائط پوری کرے، جن میں جاری کردہ گارنٹیز کے لیے مناسب سیکیورٹی فراہم کرنا اور تمام واجب الادا گارنٹیز کی ادائیگی شامل ہے۔ایس ای سی پی نے اپنی جاری کوششوں کے تحت، جس کا مقصد قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور صارفین کا اعتماد بڑھانا ہے، یکم جولائی 2024 سے اب تک 3000 سے زائد شکایات کا ازالہ کیا، جس کے نتیجے میں پالیسی ہولڈرز کے 130 کروڑ روپے کے کلیمز واپس دلائے گئے۔ ایس ای سی پی کی یہ مؤثر حکمت عملی انشورنس سیکٹر میں بہتری اور عوام کے اعتماد میں اضافہ لانے کی توقع ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات