Live Updates

نادیہ خان آج کل ارنب گوسوامی سے 10 نمبرآگے ہیں، یاسرحسین

بدھ 21 مئی 2025 22:01

نادیہ خان آج کل ارنب گوسوامی سے 10 نمبرآگے ہیں، یاسرحسین
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2025ء) اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے اپنے نئے ڈرامے پیراڈائیز پر تنقید کے بعد نادیہ حسین پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ آج کل بھارتی ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی سے 10 نمبر آگے ہیں۔یاسر حسین اور نادیہ خان کے درمیان سوشل میڈیا پر اس وقت جنگ کا آغاز ہوا، جب نادیہ خان نے کچھ دن قبل یاسر حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے پیراڈائیز پر تنقید کرتے ہوئے انہیں انتہائی کم نمبرز دیے تھے۔

نادیہ خان نے کیا ڈراما ہے نامی پروگرام میں یاسر حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے کی کہانی، کرداروں اور مناظر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس کی ریٹنگ کو 10 میں سے چار نمبر دیے تھے۔نادیہ خان سمیت اسی ڈرامے میں دوسری سینئر اداکارائیں بھی ڈراموں پر تبصرے اور تنقید کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

نادیہ خان کی جانب سے اپنے ڈرامے پیراڈائیز کو کم نمبرز ملنے کے بعد یاسر حسین نے بھی اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

یاسر حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ کہ نمبرز سے کچھ نہیں ہوتا اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو کہا کہ وہ تبصرہ نگاروں کی باتوں میں نہ آئیں اور ان کا ڈراما ضرور دیکھیں۔یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ وہ نادیہ خان کو ان کے پورے کیریئر کی ڈراما اداکاری پر ڈیڑھ نمبر دیتے ہیں جب کہ انہیں میزبانی پر صرف ڈھائی نمبرز دیتے ہیں۔

یاسر حسین نے اسی اسٹوری میں لکھا کہ تاہم آج کل نادیہ خان بھارتی ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی سے دس نمبر آگے چل رہی ہیں۔یاسر حسین کی جانب سے نادیہ خان کو دیے گئے جواب کا اسکرین شاٹ وائرل ہوگیا اور زیادہ تر صارفین نے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا۔خیال رہے کہ ارنب گوسوامی اپنے جارحانہ انداز، نامناسب الفاظ، جھوٹ بولنے، بے بنیاد دعوے کرنے کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں اور گزشتہ کچھ ہفتوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے نادیہ خان کو بھی ان کی طرح جارحانہ انداز میں بات کرتے دیکھا گیا۔

نادیہ خان نے پاک - بھارت کشیدگی کے دوران خصوصی طور پر پاکستانی شوبز شخصیات کو بھارت اور بولی وڈ کی تعریفیں کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے خلاف بات کرتے وقت سخت الفاظ اور نامناسب لہجہ استعمال کیا، جس وجہ سے ان پر تنقید بھی کی گئی اور اب یاسر حسین نے انہیں ارنب گوسوامی سے بھی 10 نمبر آگے چلنے کا طعنہ دے دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات