Live Updates

کمشنر ملاکنڈ کی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

پاکستان سٹیزن پورٹل و اختیار عوام کا، انسدادِ تجاوزات مہم، مجموعی اہداف، پرائس کنٹرول پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

بدھ 21 مئی 2025 19:20

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر کی زیرِ صدارت اضلاع کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے شرکت کی جبکہ باقی ڈپٹی کمشنر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستان سٹیزن پورٹل و اختیار عوام کا، انسدادِ تجاوزات مہم، مجموعی اہداف، پرائس کنٹرول، انسپکشن، کھلی کچہری، گوڈ گورننس فریم ورک میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے اضلاع کی مجموعی کارکردگی کو سراہااور انتظامی آفیسرز کو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ وزٹ یقینی بنانے اور عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے ضلع میں اشیا خورد و نوش کی قیمتوں کی سرکاری نرخنامہ کے مطابق فروخت یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کی باقاعدہ انسپکشن یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کواحکامات جاری کئے۔ تجاوزات سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی ہدایات جاری کی۔ انہوں نے شہریوں کیطرف سے پاکستان سیٹیزن پورٹل اور دیگر درج شدہ شکایات کی فوری حل اور سیٹیزن سیٹسفکشن میں بہتری کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔کمشنر ملاکنڈ نے دریاوں میں غیر قانونی کان کنی کو فورا بند کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات