قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پاک چین دوستی کے دن کی شاندار تقریب،وائس چانسلر کی بطور مہمان خصوصی شرکت

بدھ 21 مئی 2025 21:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پاک چین دوستی کے دن کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ شعبہ تعلقات عامہ جامعہ قراقرم کے مطابق تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر انتظامی و تدریسی آفیسران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک چین دوستی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی اعتماد اور باہمی احترام کا ایک لازوال رشتہ ہے جو گزشتہ 70 سال سے زائد عرصے سے مضبوطی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے بالغ نظری سے اس تعلق کو پروان چڑھایا جو ہر آزمائش میں کامیاب رہا،پاکستان اور چین نے ہر مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام چین کو اپنا بہترین دوست سمجھتے ہیں اور چین کی جانب سے پاکستان کو ''آہنی بھائی'' کا خطاب اس دوستی کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ تقریب سے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس ڈاکٹر سجاد علی، ڈائریکٹر چائنا اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر فقیر محمد اور پرووسٹ ڈاکٹر قمر عباس، ایڈوائزر برائے وائس چانسلر ڈاکٹر عارف حسین نے بھی خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے پاک چین دوستی کے دن منانے کے مقاصد بیان کیے اور کہاکہ چین کی ترقی کا راز اس کی نوجوان نسل کی محنت اور عزم ہے۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں۔ تقریب کے دوران طلبہ نے خوبصورت انداز میں پاک چین دوستی کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنی پرفارمنسز کے ذریعے اس رشتے سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ تقریب پاک چین دوستی کے عظیم رشتے کی عکاسی کرتی رہی اور شرکاء نے اسے ایک یادگار موقع قرار دیا۔پاک چین دوستی کے دن کے حوالے سے منعقد تقریب کا انعقاد پرووسٹ آفس اور چائنہ سٹڈی سنٹر کے آئی یو نے کیاتھا۔