عالمی برادری اسرائیل پر شامی سرزمین سے اپنی فوجیں واپس بلانے کے لئے دبائو ڈالے،شام

جمعرات 22 مئی 2025 11:10

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) شام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر شامی سرزمین سے اپنی فوجیں واپس بلانے کے لئے دبائو ڈالے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں شام کے نائب سفیر ریاض خدور نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ شام کے صدر احمد الشراع، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ریاض میں ہونے والی تاریخی ملاقات نے شام کی تعمیر نو کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے امریکی صدر کی جانب سے شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کو ’’بہادر انہ اور مثبت قدم‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے شام میں بحالی اور تعمیر نو کا عمل تیز ہوگا اور ملک کے اندرونی حالات میں واضح بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ شام نفرت انگیز بیانیے اور ملک کی تقسیم کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا شام ایک پرامن اور شراکت دار ریاست بنے گا جو اختلافات اور تصادم کے میدان سے دور ہوگی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر شامی سرزمین سے اپنی فوجیں واپس بلانے کے لئے دبائو ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل شام کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔