بٹگرام پولیس اور ضلعی یوتھ آفس کا منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لئے ہزارہ یونیورسٹی کیمپس میں سیمینار

جمعرات 22 مئی 2025 11:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ یُوتھ و سپورٹس آفس بٹگرام کے زیر اہتمام منشیات کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے حوالے سے ہزارہ یونیورسٹی بٹگرام کیمپس کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضیا الرحمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نشہ ایک لعنت ہے اور معاشرے کے لیے کینسر سے بھی زیادہ مہک اثرات رکھتا ہے۔

انہوں نے طلبا کو تلقین کی کہ وہ خود کو اس لعنت سے دور رہنے اور دوسرے کو اس سے بچانے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بٹگرام کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے لہذا ان کاوشوں میں ساتھ دینے کے لئے منشیات فروشوں کی نشاندہی کرنا سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی بٹگرام سردار شاہین نے اپنے خطاب میں کہا کہ دور حاضر میں منشیات کے استعمال اور نقصانات کے حوالے سے موثر مہم چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے، سماج دشمن عناصر نوجوانوں کو منشیات بالخصوص آئس کی دلدل میں پھنسا کر ان کا مستقبل داؤ پر لگانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام طلباء و طالبات اپنی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ دیگر مقررین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیس منشیات کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے تاہم طلبا اور طالبات سے گزارش ہے کہ وہ خود بھی منشیات سے دور رہیں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی منشیات کے نقصانات سے آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :