نوشکی میں پرعزم بلوچستان ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مینا بازار کا انعقاد

جمعرات 22 مئی 2025 21:52

ٍنوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء) پرعزم بلوچستان ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن قادرآباد کے زیر اہتمام، ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) اور "میرا مان" کے اشتراک سے جاری سہ ماہی تربیتی منصوبہ WE.LED3 کی اختتامی تقریب کے موقع پر گرلز ہائی اسکول غریب آباد نوشکی میں ایک شاندار مینا بازار کا انعقاد کیا گیا۔مینا بازار کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر نوشکی احمد یار بلوچ نے کیا۔

اس موقع پر این آر ایس پی کے ضلعی منیجر علی اکبر سمالانی، پرعزم بلوچستان کیصدر اضصر خان بادینی،ڈپٹی ڈی او فیمل محترمہ پروین کوثر، "میرا مان" کے فیلڈ کوآرڈینیٹر علی احمد سمالانی، محترمہ زاہدہ، ظہور زیب جی آر جمالدینی، محترمہ روبینہ سمیت سینکڑوں خواتین، شرکانے بھرپور شرکت کی۔مینا بازار میں تربیت یافتہ خواتین کی تیار کردہ بلوچی ملبوسات، پرس، جیولری، دوپٹے، فراکس، چوڑیاں، مہندی کے اسٹالز کے علاوہ مقامی کھانوں، جھولوں اور دیگر نمائشی مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے گئے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نوشکی نے تمام اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں، مہارت اور تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرعزم بلوچستان ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے WFP اور 'میرا مان' کے اشتراک سے نہ صرف خواتین کو ہنر مند بنایا بلکہ انہیں کاروبار کے بنیادی اصول اور عملی تربیت فراہم کی۔ ایسی باصلاحیت خواتین ہمارے معاشرے کی معیشت میں مثبت تبدیلی کا باعث بن رہی ہیں۔یہ مینا بازار نہ صرف خواتین کو اپنی مہارت کے مظاہرے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں خود انحصاری، معاشی استحکام اور کاروباری سفر کے آغاز کا عملی پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے۔