سبی، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے ذریعے میرٹ پر منتخب ہونے والے اساتذہ کرام کو تعیناتی کے آرڈرز تقسیم

جمعرات 22 مئی 2025 22:30

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء) سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے ذریعے میرٹ پر منتخب ہونے والے اساتذہ کرام کو تعیناتی کے آرڈرز تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر آفس سبی میں منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردار کوہیار خان ڈومکی تھے اور ان کے ہمراہ چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک بھی مہمان خاص تھے، جب کہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبد الستار لانگو،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سبی محمد طارق الماس، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن لہڑی لیاقت علی لغاری،محکمہ تعلیم کے ارشاد مری، سلیم کٹبار اور دیگر بھی موجود تھے اس سادہ مگر پروقار تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور الحاج صوفی محمد سلیمان نقشبندی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی، اس کے بعد سردار کوہیار خان ڈومکی، سردار محمد خان خجک اور ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے کامیاب امیدوار ان میں تقرری کے احکامات تقسیم کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ استاد ایک معاشرے کی ترقی، معاشرتی اقدار کی ترویج اور ایک قوم کی ترقی و کامیابی کا ضامن ہوتا ہے، اور ہر کامیاب فرد کے پیچھے اس کے استاد کی محنت اور لگن کار فرما ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نئے تعینات ہونے والے استاد اپنی تمام تر توانائیاں سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی ترقی اور معیار کو بہتر بنانے پر صرف کریں گے۔

(جاری ہے)

اور اپنے صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں کہا کہ اس علاقے میں بسنے والا ہر بچہ ہمارا اپنا بچہ ہے اور اسے بہترین تعلیم دینا ہم سب کی زمہ داری ہے اور تمام اساتذہ سے امید کرتا ہوں کہ وہ ہر بچے کو اپنا بچہ سمجھ کر پورے خلوص سے اپنی زمہ داریاں ادا کریں گے۔