ضلع کوہستان میں 40 ارب روپے کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آگئی

جمعرات 22 مئی 2025 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)ضلع کوہستان میں 40 ارب روپے کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ، نیب نے میگا کرپشن کیس میں دو مشکوک ٹرانزیکشنز کا سراغ لگا لیا ، پی ٹی آئی رہنما کے اکاؤنٹس بھی انکوائری کی زد میں آگئے ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں مبینہ طور پر 40 ارب روپے کی کرپشن کے بڑے اسکینڈل میں مزید پیش رفت ہوگئی ، نیب ذرائع کے مطابق اس اسکینڈل میں پی ٹی آئی کے ایک اہم رہنما کے بینک اکاؤنٹس بھی انکوائری کی زد میں آگئے،نیب نے اس میگا کرپشن کیس میں دو مشکوک ٹرانزیکشنز کا سراغ لگا لیا جن کے ذریعے مبینہ طور پر اسلام آباد کے قریب دو قیمتی جائیدادیں خریدی گئیں۔

اس اسکینڈل میں پبلک اکاؤنٹ جی 10113 سے ہونے والی بھاری رقوم کی ادائیگیوں کی بھی چھان بین شروع کر دی گئی ہے، جن میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی دو بڑی ٹرانزیکشنز شامل ہیں ،نیب ذرائع کے مطابق اب تک کی کارروائی میں اربوں روپے مالیت کے 48 بینک اکاؤنٹس فریز اور 13 قیمتی گاڑیاں تحویل میں لی جا چکی ہیں ،مبینہ طور پر ملوث افراد کے 9 گھروں اور 6 فلیٹس کو بھی سیل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق فی الحال کسی سیاسی رہنما کو گرفتار نہیں کیا گیا اور معاملہ اب بھی تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں ہے۔