باغ ،مقامی سطح پر طلوع ادب پلیٹ فارم سے مقامی ادیبوں کی کتب کی اشاعت خوش آئند ہے، پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن

جمعرات 22 مئی 2025 22:40

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ترقی یافتہ اقوام کتاب بینی کے عمل کو اپنا جزوِ ایمان سمجھتی ہیں، ہماری خوش قسمتی ہے کہ مقامی سطح پر جموں کشمیر طلوع ادب کے پلیٹ فارم سے مقامی شعراء و ادباء کی کتابیں تسلسل سے شائع کی جاتی ہیں، اس تناظر میں طلوع ادب کا پبلی کیشن ادارہ طلوع پبلی کیشن ہر دم متحرک رہتا ہے، ورق ریزے پروفیسر دلشاد اریب کے انشائیہ نگاری کی مستند کتاب ہے جس میں مختلف موضوعات کو خوبصورتی سے ضبط تحریر میں لایا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق خان نے پروفیسر دلشاد اریب کی نئی تصنیف ورق ریزے کی تقریب پزیرائی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا، اس کتاب کی تقریب پزیرائی گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ کی ادبی کونسل نے جموں کشمیر طلوع ادب کے اشتراک سے منعقد کی، تقریب کے مہمان خصوصی مصنف ورق ریزے پروفیسر دلشاد اریب تھے، نظامت کے فرائض بشریٰ ضیاء طالبہ بی ایڈ آنرز نے ادا کیے، ڈاکٹر زاہد ہاشمی نے اپنے مقالہ میں ورق ریزے کی فنی محاسن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشائیہ ادب کی معروف صنف ہے اس کی نثری روایت اردو ادب میں بہت توانا ہے، دلشاد اریب نے ورق ریزے کی تدوین و ترتیب میں اس روایت کو خوب نبھایا ہے، ڈاکٹر زاہد ہاشمی نے مقالہ کے ساتھ ورق ریزے کی فہرست کے عنوانات کو خوبصورتی سے افسانوی انداز میں پیش کر کے سامعین کی بھرپور داد و تحسین وصول کی۔

(جاری ہے)

نامور شاعر سید شہباز گردیزی نے اس موقع پر دلشاد اریب کا فنی و شخصی خاکہ پیش کیا، جس میں انہوں نے مصنف کے عادات و اطوار، خاندانی پس منظر، تصنیفات اور ادبی قد کاٹھ کا تفصیلی جائزہ لیا، ادارہ کی طالبہ ایمن ابراہیم نے بھی ورق ریزے کا مطالعاتی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب دلچسپی سے بھرپور ہے تمام طالبات کو چاہیے کہ وہ اس کا لازمی مطالعہ کریں، ادارہ کی طالبہ ہادیہ نے تلاوت کلام پیش کی جبکہ عالیہ فاروق نے خوبصورت لہجے کے ساتھ نعمت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم پیش کر کے داد و تحسین وصول کی، پروفیسر دلشاد اریب نے اپنی گفتگو میں گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ کے پرنسپل، اساتذہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی اس کاوش کو سراہا اور اس خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا، انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ شروع دن سے جموں کشمیر طلوع ادب کے ساتھ مل کر فروغ ادب کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہا ہے، اس تناظر میں ڈاکٹر محمد طارق خان کی ادب دوستی کا بڑا عمل دخل ہے، انہوں نے ورق ریزے کی اشاعت کے دوران پیش آنے والے واقعات کا خصوصیت سے ذکرکیا، پرنسپل ادارہ ڈاکٹر محمد طارق خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ادبی تہذیب سے واقفیت طالب علموں کے لیے ازحد ضروری ہے انہوں نے مصنف پروفیسر دلشاد اریب کو اس نئی تخلیق پر ادارہ کی جانب سے مبارک باد پیش کی اور ان کی دس کتابیں کالج کی لائبریری کے لیے خریدیں، آخر میں مصنف نے اپنی کتابیں ادارہ کے سربراہ کو پیش کیں، اس موقع پر طالبات نے مہمانان اور اساتذہ کرام کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائے۔

\378