وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے کم سن بچوں کی حفاظت کیلئے آگاہی مہم لانچ کر دی

محکمہ داخلہ نے "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" بارے آگاہی کیلئے خصوصی اینیمیشن سیریز کی پہلی قسط جاری کی

جمعرات 22 مئی 2025 22:49

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے کم سن بچوں کی حفاظت کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء) "بچے محفوظ پنجاب محفوظ" وژن کے تحت وزیرِ اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے کم سن بچوں کیلئے آگاہی مہم جاری کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ نے "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" بارے آگاہی کیلئے خصوصی اینیمیشن سیریز تیار کی جس کی پہلی قسط جاری کی گئی ہے۔ بچوں کو جنسی استحصال سے محفوظ رکھنے اور ان کی آگاہی کیلئے بنائی گئی کارٹون سیریز میں "حیا اور بہادر" کے کردار متعارف کروائے گئے ہیں جو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ بارے بچوں کو تربیت دیں گے۔

آگاہی مہم میں بچوں کیلئے پیغام "بیڈ ٹچ کرنے والوں سے گھبرائیں گے نہیں، ٹکرائیں گی" جاری کیا گیا ہے۔ سیریز میں بچوں کو احسن انداز میں مناسب اور نا مناسب جسمانی رویے بارے بتایا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو بچوں کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان داخلہ پنجاب نے بتایا کہ آگاہی مہم کم سن بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے شروع کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ درست تعلیم اور آگاہی کے بعد بچے نامناسب رویے کو پہچان کر اسے بروقت رپورٹ کر سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بچوں کو ذاتی حفاظت کے بارے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ جنسی استحصال کا شکار بچے زندگی بھر ٹراما میں رہ سکتے ہیں اس لیے ہنگامی بنیادوں پر آگاہی کی ضرورت ہے۔

آگاہی مہم بچوں کو بدسلوکی اور جنسی استحصال سے محفوظ رکھنے میں معاون ہو گی۔ بچوں کو محفوظ بنانا اور استحصال کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ محکمہ داخلہ نے اس سے قبل گڈ ٹچ بیڈ ٹچ بارے آگاہی کو نصاب میں شامل کرنے کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کیا تھا۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ والدین اور اساتذہ آگاہی مہم سے سیکھ کر بچوں کو بتائیں کہ گھر یا باہر جنسی استحصال کو کیسے رپورٹ کیا جائے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے آگاہی مہم کاحصہ بنیں۔

متعلقہ عنوان :